بل گیٹس اور ملینڈا گیٹس نے 3 مئی کو 27 سال کی شادی کے بعد ایک دوسرے سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔
خواتین کی ترقی کی پرزور حامی ملینڈا گیٹس اپنے شوہر سے طلاق لینے پر دنیا کی دوسری امیر ترین خاتون بن سکتی ہیں جن کی دولت 73 ارب ڈالرز ہوسکتی ہے۔
واشنگٹن کی کنگ کاؤنٹی کی اعلیٰ عدالت میں دائر طلاق کی درخواست میں ملینڈا گیٹس نے کہا تھا کہ بل گیٹس سے ان کی شادی 'ناقابل تلافی حد تک ٹوٹ پھوٹ' کا شکار ہے، جبکہ عدالت سے جوڑے کے 146 ارب ڈالرز کے اثاثے تقسیم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
ان اثاثوں کی 50-50 تقسیم کا امکان زیادہ ہے کیونکہ طلاق کی درخواست میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ 1994 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے اس جوڑے نے شادی سے قبل معاہدہ (prenuptial) نہیں کیا تھا اور واشنگٹن ریاست کے قانون کے تحت جوڑوں میں طلاق ہونے پر اثاثے مساوی بنیادوں پر تقسیم کردیئے جاتے ہیں۔
اگر ایسا ہوتا ہے تو ملینڈا فرنچ گیٹس (انہوں نے حال ہی میں اپنے سوشل میڈیا پروفائلز میں فرنچ نام کا اضافہ کیا ہے) دنیا کی دوسری امیر ترین خاتون بن جائیں گی اور ان سے آگے 67 سالہ فرانسوئس بیتھنکورٹ میئرز ہوں گی جو L’Oreal کی مالکہ ہیں اور 83 ارب ڈالرز کی مالک ہیں۔
بلومبرگ بلین ایئرانڈیکس کے مطابق بل گیٹس اس وقت 146 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے چوتھے امیرترین شخص ہیں۔
تاہم بل گیٹس اس سے زیادہ بلکہ دنیا کے امیر ترین شخص ہوسکتے تھے اگر وہ کم از کم 45 ارب ڈالرز بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے ذریعے فلاحی کاموں کے لیے عطیہ نہ کرتے۔
طلاق کی رپورٹس کے بعد یہ سوال بھی سامنے آیا ہے کہ اس فاؤنڈیشن کے ذریعے جوڑے کے فلاحی اقدامات کا مستقبل کیا ہوگا۔
اس فاؤنڈیشن کو دیگر مخیر افراد سے بھی عطیات ملتے ہیں جن میں متعدد ارب پتی شخصیات کے ساتھ برطانوی حکومت بھی شامل ہے۔
اگرچہ بل اور ملینڈا گیٹس کا کہنا ہے کہ وہ فاؤنڈیشن کی سربراہی جاری رکھیں گے مگر کچھ ماہرین کے مطابق طلاق کے بعد دونوں کے مختلف خیالات اس ادارے کی سمت پر اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔
اس ادارے کے 1600 ملازمین ہیں جس کی جانب سے 135 ممالک میں مختلف منصوبوں پر 50 ارب ڈالرز خرچ کیے جاچکے ہیں جبکہ اس کے اثاثوں کی مالیت 43 ارب ڈالرز ہیں۔
بل گیٹس اور ملینڈا گیٹس کے ذاتی اثاثوں میں 66 ہزار اسکوائر فٹ کا گھر ہے جس کی مالیت 13 کروڑ ڈالرز ہے جبکہ متعدد ہالی ڈی ہومز ہیں، فلوریڈا میں 5 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا رینچ ہے جبکہ وومنگ میں 492 ایکڑ کا رینچ ہے۔
درحقیقت بل گیٹس امریکا کے زرعی زمینوں کے کے سب سے بڑے مالک ہیں اور 18 ریاستوں میں 2 لاکھ 42 لاکھ ایکڑ زمین ان کی ملکیت ہے جن کی مالیت 70 کروڑ ڈالرز ملتی ہے۔
جبکہ یہ جوڑا نجی طیاروں اور لاتعداد گاڑیوں کا مالک ہے۔
ان کے سیٹل میں لیک واشنگٹن کے پاس موجود گھر کے گیراجوں میں 23 گاڑیاں کھڑی ہیں۔
اس گھر کو Xanadu 2.0 کے نام سے جانا جاتا ہے جبکہ پول ہاؤس میں 60 فٹ کا سوئمنگ پول ہے جس میں ایک انڈر واٹر ساؤنڈ سسٹم موجود ہے، جبکہ ٹیمپولین روم بھی ہے۔
ریاست واشنگٹن کے کمیونٹی پراپرٹی قوانین کے تحت یہ خیال کیا جاتا ہے کہ شادی کے دوران خریدی جانے والی جائیدادیں جوڑے کے درمیان مساوی بنیادوں مٰں تقسیم ہوگئی۔
بل گیٹس اور ملینڈا گیٹس کی جانب سے عدالت میں اپریل 2022 میں پیش ہونے کا امکان ہے۔
اس سے قبل ایمیزون کے بانی جیف بیزوز نے 25 سال کی شادی کے بعد میکنزی اسکاٹ سے 2019 میں علیحدگی اختیار کی تھی۔
یہ طلاق بھی واشنگٹن اسٹیٹ میں ہوئی تھی اور میکنزی اسکاٹ کو 38 ارب ڈالرز ملے تھے، ان کی دولت یادہ تر ایمیزون کے حصص پر مبنی تھی اور اب تک وہ 60 ارب ڈالرز کی مالک بن چکی ہیں۔
بل اور ملنڈا گیٹس کے تین بچے ہیں، جن میں سے سب سے بڑی بیٹی جینیفر کیتھرائن گیٹس کی عمر 25 سال ہے جب کہ ان کے دو بیٹے بھی ہیں اور ان کی عمریں بھی 20 سال سے زائد ہیں۔
جینیفر گیٹس نے انسٹاگرام میں اپنی پوسٹ میں لکھا کہ یہ پورے خاندان کے لیے چیلنجنگ وقت ہے، بعد ازاں انہوں نے پوسٹ کو ڈیلیٹ کردیا تھا۔