کشمیری حریت رہنماء بھارتی قید میں انتقال کرگئے

کشمیری حریت رہنماء محمد اشرف صحرائی بھارتی قید میں انتقال کرگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں کورٹ بلوال جیل میں اسیر رہنما علاج معالجے کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے دنیا فانی سے رخصت ہوگئے، تحریک آزادی کشمیر ایک عظیم رہنما سے محروم ہوگئی ہے۔

 ترجمان حریت کانفرنس شیخ عبد المتین کا کہنا ہے کہ محمد اشرف صحرائی گزشتہ دو برس سے کورٹ بلوال جیل میں قید تھے، مسلسل قید اور صحت کی سہولیات نہ ہونے کے باعث وہ شدید علیل تھے جبکہ جیل میں طبیعت شدید خراب ہونے پر بھارتی قابض انتظامیہ نے صرف ایک روز قبل انہیں اسپتال منتقل کیا تھا۔

کچھ عرصہ پہلے محمد اشرف صحرائی کے بیٹے جنید صحرائی بھی بھارتی قابض افواج کی حراست میں شہید ہوگئے تھے، بھارتی جیلوں میں قید دیگر کشمیریوں کی زندگی کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔

وزیراعظم آزادجموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر نے اشرف صحرائی کی دوران اسیری شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اشرف صحرائی اور ان کے خاندان کی تحریک آزادی کیلیے عظیم قربانیاں ہیں، کشمیر کو ان جیسے عظیم بیٹوں پر فخر ہے۔

راجہ فاروق حیدر نے مزید کہا کہ ’آج میرا دل بوجھل اور اداس ہے کہ ایسے عظیم رہنماء کے تابوت کو کندھا بھی نہیں دے سکتا، شہداء کشمیر اور اسیرانِ کشمیر کی قربانیاں رنگ لائیں گی، اشرف صحرائی اور ان کے خاندان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

دوسری جانب صدر جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جےکےایل ایف) چیئرمین یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کشمیر کی صورتحال پرویڈیو پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں دن بدن کورونا کی صورتحال بگڑتی جارہی ہے، 2ہزار سےزائد افراد کرونا کےباعث جاں بحق ہوگئے ہیں