لوئر کوہستان، ٹریفک حادثات میں 11افراد جاں بحق

کوہستان: ضلع لوئر کوہستان میں یکے بعد دیگرے دو ٹریفک حادثات کے باعث 11 قیمتی جانیں چلیگئی ہیں۔

 ڈی پی او لوئر کوہستان ذوالفقار جدون کے مطابق شاہراہ ریشم پر لوئر کوہستان میں دو ٹریفک حادثات پیش آئے، دونوں واقعات شاہراہ ریشم پر پیش آئے۔

 پہلا واقعہ کیرو کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایمبولینس میں بزرگ کی لاش کو سوات منتقل کیا جارہا تھا کہ پھسلن کے باعث وہ گہری کھائی میں جا گری۔

 دلخراش واقعے کے نتیجے میں خاتون سمیت آٹھ افرادجاں بحق ہوئے۔

 ڈی پی او کوہستان کے مطابق ایمبولینس حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی برادری تحصیل کندیا اسگل کوہستان اپر سے ہے۔ 

ڈی پی او لوئر کوہستان کے مطابق دوسرا حادثہ گلوز بانڈہ کے قریب پیش آیا، جہاں تیز بارش کے باعث پیدا ہونے والی پھسلن کے نتیجے میں کار کھائی میں گری، واقعے میں تین افراد جاں بحق ہوئے۔ 

حادثے کی اطلاع ملتے ہی انتظامی افسران موقع پر پہنچے، جنہوں نے امدادی ٹیموں کی مدد سے لاشوں کو نکال کر آرایچ سی پٹن منتقل کیا۔