شمالی وزیرستان آپریشن، 2 دہشت گرد مارے گئے،کیپٹن سمیت تین اہلکار شہید

راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دوسلی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن فہیم، سپاہی شفیع اور سپاہی نسیم شہید ہوگئے۔

قبل ازیں پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کے دوران سرحد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں 4 ایف سی اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ایف سی اہلکاروں کی جانب سے فوری جوابی کارروائی کی گئی، شہید ہونے والوں میں حولدار نور زمان، سپاہی شکیل عباس ، سپاہی احسان اللہ اور نائیک سلطان شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 7 مارچ کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا تھا جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مارے جانے والے دہشت گردوں میں عبدالآدم، محبوب، میر سلام شامل ہیں، عبدالآدم سیکیورٹی فورسز پر حملوں سمیت دہشت گردی میں مطلوب تھا۔