لاہور میں لندن سے آئی مائرہ کے قتل کی وجہ سامنے آ گئی، مائرہ نے قتل سے 15 روز قبل ملزم سعد کے خلاف پولیس کودرخواست بھی دی تھی، پولیس نے اسے تحفظ فراہم کیا نہ مقدمہ درج کیا اور مائرہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔
لاہور کے علاقے ڈیفنس میں لند ن سے آنے والی مائرہ ذوالفقار کے قتل کاواقعہ 3مئی کو پیش آیا۔
مائرہ کی جانب سے واقعے سے 15 روزقبل پولیس کو دی جانے والی درخواست اب سامنے آگئی ہے۔
ڈیفنس بی پولیس نے مائرہ کی درخواست پر مقدمہ درج نہ کیا۔ مائرہ نے اپنی درخواست میں کہا تھاکہ اس کی جان کو خطرہ ہے، پولیس تحفظ فراہم کرے۔
درخواست میں مائرہ نے پولیس کو بتایا کہ ملزم سعد بٹ نے 17اپریل کو اسلحے کی نوک پر گاڑی میں بٹھایا اور گلبرگ اور فتح گڑھ لے جاکر زیادتی کی کوشش کی لیکن وہ سعد بٹ کو دھکا دے کر گاڑی سے نکل آئی اور 15 پر کال کی، سعد بٹ گاڑی سے نکلا اور اس کا موبائل فون چھین کر فرار ہوگیا، سعد بٹ نے جاتے ہوئے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
اُدھر مائرہ کی دوسرے ملزم ظاہر جدون کے ساتھ غیر اخلاقی تصویریں بھی سامنے آگئی ہیں۔
پولیس کے مطابق ظاہر جدون اور مائرہ پرانے دوست تھے، پھر ان میں پھوٹ پڑ گئی، مائرہ نے ظاہر جدون کو مبینہ طور پر برہنہ کرکے تشدد کروایا اور اور تصویریں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیں، ایک تصویر میں ظاہر جدون کو معافی مانگتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ڈی آئی جی شارق جمال کے مطابق ممکنہ طور پر سعد بٹ اور ظاہر جدون نے اپنی بے عزتی کا بدلہ لینے کیلئے مائرہ کو قتل کیا ، ان کی گرفتاری کے لئے چھاپے جاری ہیں۔