پشاورموٹر وے ٹول پلازہ پر تیز رفتار گاڑی نے این ایچ اے اہلکارکو کچل ڈالا 

پشاور: موٹر وے ٹول پلازہ پشاور پر تیز رفتار گاڑی نے (این ایچ اے) نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ڈیوٹی پر موجود ملازم کو کچل ڈالا جبکہ حادثہ کی سی سی ٹی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے زخمی اہلکار کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے

 تفصیلات کے مطابق جنید ولد عتیق گاڑی نمبر  PV 401  پر موٹر وے کے ذریعے پشاور کی جانب جا رہا تھا جسے تیز رفتاری کی وجہ سے موٹروے پولیس کی جانب سے روکنے کا اشارہ کیا گیالیکن اشارے کو نظر انداز کرتے ہوئے ملزم نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سفر جاری رکھا۔

خلاف ورزی کی اطلاع موٹر وے ٹول پلازہ پشاور دی گئی جہاں موٹروے پولیس کا عملہ مذکورہ گاڑی کو روکنے کے لیے موجودہ تھا۔گاڑی نظر آتے ہی اسے رکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن ڈرائیور نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش میں (این ایچ اے)نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے میڈیکل ہیلپر عدیل علی شاہ جو کہ موٹر وے پولیس کے عملے سے کچھ ہی فاصلے پر کھڑا تھا کچل ڈالا۔

حادثے کی وجہ سے عدیل کے سر پر شدید چوٹیں آئیں جسے لیڈی ریڈنگ ہسپتال  پشاور منتقل کر دیا گیا۔

 موٹروے پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے گاڑی کو رکاوٹ ڈالتے ہوئے قبضے میں لیا اور ڈرائیور جنید کو موقع سے گرفتار کر لیاہے۔دوسری جانب اے ایس پی چیمہ کو بھی واقعہ کے متعلق بیان سامنے آگیا ہے۔

 اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ ملزم اسلام آباد سے پشاور آرہا تھا جسے اوورسپیڈنگ پر مردان کے قریب بھی اہلکاروں نے روکنے کی کوشش کی لیکن وہ فرار ہوگیا پشاور میں روکنے پر اس نے اہلکارپر گاڑی چڑھا دی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے جبکہ اہلکار کی حالت تشویشناک ہے ملزم کو موٹر وے اور چمکنی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے جس سے تفتیش کی جا رہی ہے