عالمی ادارہ صحت نے چینی ویکسین سائنو فارم کے ہنگامی استعمال کی اجازت دیکر وبائی مرض کے خلاف استعمال ہونے والی پہلی چینی ویکسین کا درجہ دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے چینی کمپنی کی تیار کردہ کرونا ویکسین سائنو فارم کے ہنگامی استعمال کی منظوری دیدی تاہم اجازت سے قبل ہی چین اور دیگر ممالک میں سائنو فارم ویکسین کا استعمال کروڑوں افراد پر کیا جاچکا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی جانب سے سائنو فارم پہلی چینی ویکیسن ہے جس کے باقاعدہ استعمال کی اجازت دی گئی ہے اور ڈبلیو ایچ او کی اجازت چینی ویکسین کے محفوظ اور اثر پذیر ہونے کا ثبوت ہے۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی اجازت کے بعد سائنو فارم ویکسین کو غریب ممالک کو فراہم کی جانے والی ویکسینز کی فہرست میں بھی شامل ہونے کی اجازت ہوگی۔
اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ منظوری کے بعد ایس ای جی نے سفارش کی تھی کہ 18 سال سے زائد عمر کے افراد سائنوفارم ویکسین کی دو خوراکیں لگوائیں۔
قبل ازیں ڈبلیو ایچ او نے مغربی دواساز کمپنیوں فائزر، ایسٹرا زنیکا، جانسن اینڈ جانسن اور موڈرینا کی جانب سے تیار کی جانے والی ویکسینز کے ہنگامی استعمال کی منظوری دی تھی۔