پاکستانی نژاد برطانوی شہری صادق خان ایک بار بھاری اکثریت سے میئر لندن منتخب ہوگئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق صادق خان کنزرویٹیو پارٹی کے شان بیلی کو شکست دے کر میئر لندن منتخب ہوئے۔ صادق خان نے مجموعی طور پر 1206034 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے کنزرویٹیو حریف شان بیلی 977601 ووٹ حاصل کر سکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صادق خان نے 55.2 فیصد جبکہ شان بیلی نے 44.8 فیصد ووٹ حاصل کیے۔
نومنتخب میئر لندن صادق خان کا کہنا ہے کہ امیگرینٹ کا بیٹا اور ورکنگ کلاس سے تعلق ہونے پر انہیں فخر ہے، انہوں نے مختلف قومیتوں کو قریب لانےکا وعدہ کیا اورکورونا وبا کے بعد لندن کے مستقبل کو روشن بنانےکے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
خیال رہے کہ صادق خان کے والدین 1968 میں پاکستان سے برطانیہ آئے تھے، صادق خان کے والد لندن میں بس ڈرائیور تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ انتخابات میں صادق خان نے 1310143 جبکہ ان کے حریف زیک گولڈ اسمتھ نے 994614 ووٹ حاصل کیے تھے۔ 2016 میں صادق خان نے 56.8 جبکہ مدمقابل زیک گولڈ اسمتھ نے 43.2 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے۔