ریاض: سعودی عرب نے رواں سال حج کی اجازت دینے کا اعلان کردیا، غیرملکی زائرین کو بھی فریضہ مقدسہ کی ادائیگی کی اجازت ہوگی۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے رواں سال بھی حفاظتی تدابیر کے ساتھ حج کے انعقاد کا اعلان کیا۔
حرمین شریفین کے مطابق وزارت مکمل توجہ اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ حج کا انعقاد کرے گی۔
ایک خوش خبری یہ بھی ہے کہ غیر ملکی عازمین کو بھی فریضہ مقدسہ ادا کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ اس حوالے سے وزارتِ حج و عمرہ نے مزید کوئی تفصیل جاری نہیں کی۔
وزارت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی زائرین کی آمد اور ممالک کے ناموں کے حوالے سے تفصیلی اعلان جلد کیا جائے گا کیونکہ کرونا کے سنگین خطرے کا سامنے والے ممالک سے زائرین کو اجازت نہیں ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق وزارتِ نے اتوار کے روز اعلان کیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ فریضہ مقدسہ کی ادائیگی کے لیے عازمین کا ویکسین لگوانا اور کرونا سے محفوظ یا صحت یاب ہونا بہت ضروری ہے۔
وزارت نےکہا کہ ’صحت سے متعلقہ ادارے صورت حال پر اور بالخصوص عازمین کی صحت پر نظر رکھیں گے‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس کرونا کی صورت حال کی وجہ سے زمینی اور فضائی سرحدین بند ہونے کی وجہ سے صرف 1 ہزار مقامی عازمین ہی فریضہ حج ادا کرسکے تھے۔