کبل،آسمانی بجلی گرنے سے 2افراد جھلس کر جاں بحق

سوات /تیمرگرہ: تحصیل کبل کے علاقہ کوزہ بانڈہ اور جندول ثمرباغ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ جوانسال لڑکی سمیت 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

تحصیل کبل کے علاقہ کوزہ بانڈئی میں طوفانی بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص ذیشان ولد رشید الحق سکنہ کوزہ بانڈئی جاں بحق جبکہ ایک شخص صوفیان ولد علیم الرشید جھلس کرزخمی ہوگیا۔

مقامی لوگوں کے مطابق ذیشان موبائل فون پر مصروف تھا کہ اچانک آسمانی بجلی موبائل سے کنکٹ ہوکر مذکورہ شخص پر گری جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

ثمرباغ میں آسمانی بجلی گرنے سے جاوید ولد سید رحمان موقع پر جاں بحق جبکہ اس کی ہمشیرہ شدید زخمی ہوگئی جسے شدید زخمی حالت میں ثمرباغ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔