گرین لائن ایکسپریس بڑے حادثے سے بچ گئی

نوشہرو فیروز: پڈعیدن میں دہشت گردوں کی جانب سے ریلوے ٹریک پر بارودی مواد نصب کرکے گرین لائن ایکسپریس کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام ہوگئی۔

 بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات نوشہرو فیروز کے قصبے پڈ عیدن اور بھریا روڈ کے درمیان بچہ شاہ درگاہ کے قریب ریلوے ٹریک پر عین اس وقت دھماکا ہوا جب وہاں سے گرین لائن ایکسپریس گزرنے والی تھی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔

کراچی سے پنڈی جانے والی خیبر میل ایکسپریس پڈعیدن اور جیکب آباد جانے والی سکھر ایکسپریس کوٹ لالو ریلوے اسٹیشن پر روک لی گئی۔

ایس ایچ او پڈ عیدن کا کہنا ہے کہ بم دھماکے سے ریلوے ٹریک کا پونے 4 فٹ حصہ تباہ ہوا،جسے 7 گھنٹوں کی کارروائی کے بعد جزوی طور پر بحال کردیا گیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ کریکر حملہ لگتا ہے اور اس کا مقصد عوام میں دہشت پھیلانا تھا۔