18سالہ نوجوان نے بیوی کو قتل کرکے خودکشی کرلی

ڈیرہ اسماعیل خان: تھانہ یونیورسٹی کی حدود دامان ہوٹل کے قریب واقع علاقہ بلوچ آباد میں اٹھارہ سالہ نوجوان نے بیوی کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کے بعد کمرے کی چھت سے لٹک خودکشی کرلی۔

 تفصیلات کے مطابق بلوچ آباد میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب میاں بیوی کے گھریلو جھگڑے پر اٹھارہ سالہ نوجوان عابد حسین ولد نذر خان نے اپنے گھر کے کمرے میں اٹھارہ سالہ بیوی کو لاتوں مکوں سے تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کا گلہ دبا کر اسے قتل کردیا۔

 بیوی کو قتل کرنے کے بعد نوجوان نے خود بھی اپنے گلہ میں دوپٹے کا پھندا ڈال کر کمرے کے گاڈر سے لٹک کر خودکشی کرلی۔

نوجوان کے والد کے مطابق آٹھ ماہ قبل اس کے بیٹے کی شادی دریاخان کی رہائشی اٹھارہ سالہ بیٹی کے ساتھ ہوئی تھی وقوعہ کی شب وہ دیگر اہل خانہ کے ہمراہ گھر کے صحن میں جبکہ اس کا بیٹا اور بہو کمرے میں سورہے تھے،صبح جب وہ سحری کے وقت بیدار ہوئے تو کمرے میں دونوں کی لاشیں پائی گئیں۔

واقعہ کی اطلاع پر پولیس نے فوری موقع پر پہنچ کر دونوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کیں جہاں پر پوسٹمارٹم کے بعد لاشیں لواحقین کے سپرد کردی گئیں۔