شیخوپورہ:ٹریفک حادثے میں ایک خاندان کے 11افراد کی موت

شیخوپورہ : پنجاب کے علاقے خانقاہ ڈوگراں میں تیز رفتاری کے باعث ویگن نہر میں جاگری، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔

شیخوپورہ کے علاقے خانقاہ ڈوگراں میں بھوتن پورہ نہر پر حادثہ پیش آیا، تیز رفتاری کے باعث ویگن ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہوگئی اور نہر میں جاگری۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حفاظتی جنگلے نہ ہونے کے باعث حادثات معمول بن گئے ہیں، ریسکیو اہلکاروں نے تیزرفتاری اور نہر کے گرد حفاظتی جنگلے نہ ہونے کو حادثے کی وجہ قرار دیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ویگن خانقاہ ڈوگراں سے قلعہ دلدار سنگھ کی جانب سفر کررہی تھی تیزرفتاری کی وجہ سے سڑک سے پھسل کر نہر میں جاگری۔

گاڑی نہر میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے گیارہ افراد جاں بحق ہوگئے، علاقہ مکینوں نے حادثے کے بعد اپنی مدد آپ کے تحت گاڑی نکالنے کی کوشش کی مگر وہ ناکام رہے۔

حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں اور پولیس اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو نہر سے نکالا اور قانونی و طبی کارروائی کےلیے اسپتال منتقل کردیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں ایک رکشہ نہر میں گرگیا تھا، حادثے کے باعث رکشے میں سوار 28 میں سے 19 افراد لقمہ اجل بنے تھے۔