کراچی: شہر قائد میں 20 ہزار روپے کے عوض تازہ قبر توڑ کر نئی میت دفنانے کا انکشاف ہوا ہے۔
کراچی کے اسماعیل گوٹھ قبرستان میں پرانی قبر توڑ کر نئی میت دفنانے والے گورکن کو شرافی گوٹھ پولیس نے گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کامران بیس ہزار روپے لے کر پرانی قبروں میں تدفین کروادیتا تھا، ملزم کے تین ساتھی فرار ہوگئے جس کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔
شہری نے پولیس کو دائر درخواست میں بتایا کہ دو دن پہلے والد کی قبر موجود تھی، عید والے دن قبرستان گیا تو نئی قبر بنائی جارہی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو شہری کی شکایت پر گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم نے پرانی قبروں میں تدفین کرانے کا اعتراف کرلیا۔
واضح رہے کہ کراچی کے قبرستانوں میں گورکن ملازم کے بجائے مالک کا کردار ادا کرتے ہوئے قبر کی سرکاری قیمت کے بجائے ہزاروں روپے اضافی رقم وصول کرتے ہیں اور کسی پرانی قبر کو ختم کرکے وہاں نئی قبر بنا دی جاتی ہے۔
اب حالت یہ ہے کہ قبرستانوں کی کمی سنگین شکل اختیار کرچکی ہے،اعداد وشمار کے مطابق کراچی میں یومیہ ڈیڑھ ہزار کے قریب اموات رپورٹ ہوتی ہیں جن کی تدفین کیلئے لواحقین کو بہت ساری مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کا بھی کہنا تھا کہ کے ایم سی کے قبرستانوں کی صورتحال افسوسناک حد تک خراب ہے اور ان پر قبرستان مافیا کا قبضہ ہے۔