پشاور:صوبائی محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے اورعوامی مسائل کے حل میں تیزی لانے کے لیے تمام وزراء،مشیر وں اورمعاونین خصوصی کو ہفتہ میں کم از کم تین دن دفاتر میں بیٹھنے کی ہدایات کے بعد اب اس کی مانیٹرنگ شروع کردی گئی ہے۔
وزراء اور حکومتی ا راکین اسمبلی کی ایوان میں حاضری کو بھی مانیٹر کیاجارہاہے جس کی رپورٹ وزیر اعلیٰ کو بھجوائی جائے گی۔
صوبائی وزراء،مشیروں اورمعاونین خصوصی کے حوالہ سے مسلسل شکایات مل رہی تھیں کہ وہ دفاتر کو بہت کم وقت دیتے ہیں اسی طرح اسمبلی اجلاس سے بھی وزراء اور حکومتی اراکین کی غیر حاضری کی شکایات خودسپیکر کی طرف سے بھجوائی جاچکی تھیں جس کے بعد ستائیس مئی کو پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعلیٰ محمود خان نے تمام وزراء کو سختی کے ساتھ تاکیدکی کہ وہ کم سے کم ہفتہ میں تین دن دفاتر میں حاضری کو ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ عوام کو رابطہ کرنے اور عوامی مسائل کے حل میں آسانی ہو۔
وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے بعد اب وزراء مشیر وں اور معاونین خصوصی کی دفاتر میں حاضری کی مانیٹرنگ کا سلسلہ شروع کردیاگیاہے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ وزیر اعلیٰ کو بھجوائی جارہی ہے اسی طرح وزراء اورپی ٹی آئی اراکین اسمبلی کی ایوان میں حاضری کو بھی مانیٹر کیاجارہاہے اس حوالہ سے بھی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ وزیر اعلیٰ کو بھجوائی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ یہ رپورٹیں وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ شیئر کریں گے اور انہی کی روشنی میں وزراء کے مستقبل اورایم پی ایز کے ٹکٹوں کا فیصلہ کیاجائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے واضح کیاہے کہ اس معاملہ میں اب مزید کسی قسم کی نرمی کامظاہر ہ کیاجائے گا نہ ہی ہدایات کی خلاف ورزی برداشت کی جائے گی