خیبرپختونخوا میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3 فیصد تک آگئی، جبکہ صوبے کے 9 اضلاع میں مثبت کورونا کیسز کی شرح صفر ریکارڈ ہوئی ہے، تاہم دیر اپر و شانگلہ میں کورونا کیسز کی شرح بدستور تشویشناک ریکارڈ ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے جہاں پچھلے 24 گھنٹوں میں 3 فیصد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
صوبائی محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق کورونا کیسز کی سب سے زیادہ شرح 20 فیصد دیر اپر میں ریکارڈ کی گئی جہاں پر گزشتہ ایک ہفتے میں مثبت کورونا کیسز کی شرح 10 فیصد رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق صوبے میں زیادہ کورونا کیسز کی شرح میں اس وقت شانگلہ دوسرے نمبر پر ہے جہاں مثبت کیسز کی شرح 18 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسی طرح پشاورمیں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد ہے، جبکہ اورکزئی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایبٹ آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا مثبت کیسز کی شرح 7 فیصد رہی اور صوبے کے 9 اضلاع میں مثبت کورونا کیسز کی شرح صفر ریکارڈ ہوئی ہے۔