پشاور: ون ویلنگ کرنے والوں کیخلاف کاروائی، 7 افراد گرفتار

 پشاور:سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے نادرن بائی پاس پر ون ویلنگ کرنے پر 7 افراد کو حراست میں لے کر ان سے موٹر سائیکلیں ضبط کر کے ٹرمینل میں بند کر دی۔

تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس نے نادرن بائی پاس پر ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جس میں 7 نوجوانوں کو ون ویلنگ کرنے پر حراست میں لے کر موٹر سائیکلوں کو 523/550 میں ضبط کر کے ٹرمینل میں بند دیئے جبکہ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے ان کے والدین سے تحریری طور پر ضمانت بھی لی گئی۔

چیف ٹریفک آفیسر پشاور عباس مجید خان مروت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ  ون ویلنگ کرنا اپنی زندگی سے کھیلنے کے مترادف ہے کیونکہ اس خطرناک کھیل سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور لوگوں کے خوشیوں بھرے گھر ماتم میں تبدیل ہو گئے ہیں۔

چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ ون ویلنگ کرنیوالوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائیگی اور ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں ٹریفک قوانین سے متعلق مہمات اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کا مقصد شہر میں ٹریفک کا نظام بہتر بنانا اور شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔