وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ماضی میں کسی بھی محکمے میں کام نہیں ہوا، ہم ہر کام زیرو سے شروع کررہے ہیں ،اب سعد رفیق کے کیے گئے گناہوں پر وزیرریلوے اعظم سواتی کیسے استعفٰی دیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈہرکی میں ہونے والے ٹرین حادثے کی وجوہات سے متعلق کوئی بھی بیان قبل از وقت ہے، حادثے کی ابتدائی تحقیقات جاری ہیں، حادثے کی وجہ دہشت گردی، تکنیکی خرابی ہے یا انسانی غلطی کچھ کہا نہیں جا سکتا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ماضی میں کسی بھی محکمے میں کام نہیں ہوا، ہم ہر کام زیرو سے شروع کررہے ہیں ، ماضی میں جو حکمران رہ چکے ہیں انہوں نے کچھ نہیں کیا، سعد رفیق کے کیے گئے گناہوں پر اعظم سواتی کیسے استعفٰی دیں؟ ہم نے تو ایم ایل ون پر کام شروع کیا ہے۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیر کیا کرسکتا ہے، وزیر خامیاں اور اس کا حل بتاتا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر کی ہدایت پر عمل درآمد کے بعد حادثہ ہوگا تو وہ ذمہ دار بھی ہوگا۔
واضح رہے کہ ڈہرکی کے قریب سرسید ایکسپریس اور ملت ایکسپریس میں تصادم کے باعث 35 افراد جاں بحق اور درجنوں مسافر زخمی ہوگئے ہیں۔