تربیلا ڈیم میں مزید 2 یونٹس سے بجلی کی پیداوار شروع ہوگئی ہے جس کے ساتھ ہی نیشنل گرڈ کو بجلی کی فراہمی میں 672میگا واٹ کا اضافہ
ذرائع کے مطابق تربیلا میں پانی کی سطح بلند ہونے پر پن بجلی کی پیداوار میں بہتری آنے لگی ہے، واپڈا نے مٹی سے بچاؤ کے لیے تربیلا کی دو ٹنل کے ان ٹیک (Intake) کی سطح بلند کرنے کا کام مقررہ مدت سے پہلے مکمل کر لیا ہے، دونوں ٹنل کی سطح بلند کرنے کا مقصد تربیلا ہائیڈل پاور اسٹیشن سے بجلی کی پیداوار میں استحکام لانا ہے۔
واپڈا ترجمان کا کہنا ہےکہ تربیلا ہائیڈل پاور اسٹیشن کے 2 مزید یونٹس سے بجلی کی پیداوار شروع ہو گئی ہے،جبکہ تربیلا سے نیشنل گرڈ کو بجلی کی فراہمی میں 672میگا واٹ کا اضافہ ہوگیا۔
ترجمان واپڈا کےمطابق تربیلا سےاس وقت 2 ہزار 30 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہےجبکہ واپڈا کے پن بجلی گھر نیشنل گرڈ کو 5 ہزار 264 میگاواٹ بجلی مہیا کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ پیک آورز میں پن بجلی کی پیداوار میں مزیداضافہ ہو جائے گا اور پیک آورز کے دوران پن بجلی کی پیداوار تقریباً 6 ہزارمیگاواٹ تک پہنچ جائےگی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل تربیلا ڈیم میں مٹی آجانے سے بجلی کی پیداوار بند ہوگئی تھی اور مشینری کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا،
مذکورہ کام عالمی بنک کی مالی معاونت سے مکمل کیا گیا ہے۔ کام کی تکمیل کے بعد اور تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے پر گذشتہ روز مزید دو یونٹس سے بجلی کی پیداوار مقررہ ہدف سے 21 روز پہلے شروع ہوگئی ہے،توقع ہے آئندہ 10 روز میں تربیلا سے بجلی کی پیداوار 3 ہزار 800 میگاواٹ تک پہنچ جائے گی۔جبکہ اس سے قبل تربیلا سے ہی 4 ہزار میگاواٹ سے زائد پیداوار میں کمی کا سامنا تھا۔