خیبرپختونخوا میں نئے پندرہ کالج مکمل

پشاور: خیبرپختونخوا میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو فروغ دینے کے لئے متعدد نئے کالجوں کے قیام پر کام جاری ہے۔ ان نئے کالجوں میں سے پندرہ کالجوں کے قیام پر کام مکمل کرلیا گیا ہے اور نئے تعلیمی سال کے شروع سے ان کالجوں میں کلاسوں کا باقاعدہ اجراءکیا جائے گا۔ علاوہ ازیں صوبے کے مختلف اضلاع میں 25 مزید کالجوں کے قیام کا عمل تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور اگلے مالی سال کے دوران ان 25 کالجوں کے قیام کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ مجموعی طور پر اس وقت صوبہ بشمول ضم شدہ قبائلی اضلاع میں 63 کالجز زیر تعمیر ہیں جن میں 32 گرلز اور 31 بوائز کالجز شامل ہیں۔ علاوہ ازیں صوبے بھر میں 326 کالجوں میں ناپید سہولیات کی فراہمی پر بھی کام جاری ہے جن میں 145 فیمیل جبکہ 181 میل کالجز شامل ہیں۔ یہ بات جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقدہ محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ایک اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس کو محکمہ اعلیٰ تعلیم کے حکام کی طرف سے صوبہ بشمول ضم شدہ قبائلی اضلاع میں نئے کالجوں کے قیام پر اب تک کی پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔