پشاور ائر پورٹ پر مزید 34مسافروں میں کورونا کی نشاندہی

پشاور : باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پرتربیت یافتہ سراغ رساں کتوں نے 34کورونا میں مبتلا مسافروں کی نشاندہی کردی، مسافروں کوقرنطینہ کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کےحوالےکردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلیے متعدد حکومتی اقدامات کیے جارہے ہیں، جس کا مقصد عوام کو اس وبا کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھنا ہے

باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر34کورونا میں مبتلا مسافروں کی نشاندہی کرلی گئی ، مسافروں کی نشاندہی تربیت یافتہ سراغ رساں کتوں نے کی ، ایئرپورٹ انتظامیہ نے بتایا کہ دبئی سےپشاورپہنچنےوالے156مسافروں کےریپڈٹیسٹ کیے گئے ، جس میں سے 34 مسافروں کےکوروناٹیسٹ مثبت آئے۔

ایئرپورٹ انتظامیہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ریپڈ ٹیسٹ میں34مشتبہ مریضوں کے سویب ٹیسٹ ایک مخصوص مقام پر رکھے گئے جہاں تربیت یافتہ کتے  سویب ٹیسٹ کو سونگھ کر ان کی نشاندہی کی، مسافروں کوقرنطینہ کرنےکیلئےضلعی انتظامیہ کےحوالےکردیا گیا ہے۔

ایئرپورٹ منیجر عبیدالرحمان عباسی نے کہا پشاور ایئرپورٹ کو مکمل طور پرڈس انفیکٹ کیا جارہا ہے، ایس او پی کے تحت کورونا مثبت نکلنے والے مسافروں کی اسپتال منتقلی کے بعد ایئرپورٹ کے تمام لاونجز میں جراثیم کش اسپرے کیا جاتا ہے۔

یاد رہے دو روز قبل بھی  تربیت یافتہ سراغ رساں کتوں نے 24 مسافروں میں کوروناکی نشاندہی کی تھی ، پی کے 218 کے ذریعےپہنچنے والے 128مسافروں کے ریپڈ ٹیسٹ کئے گئے، جس میں سے 24مسافروں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ، مسافروں نے احتجاج کرنے ہوئے قرنطینہ جانے سے انکار کیا ، جس پر ائیر پورٹ انتظامیہ نے پولیس طلب کر لی تھی۔