پشاور:خیبرپختونخوا حکومت نے نظامت بلدیات کی ری سٹرکچرنگ اور تحصیل سطح پر نظامت بلدیات کے دفاتر قائم کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
قبل ازیں بلدیات کے دفاتر اضلاع کی سطح پر قائم تھے یہ اقدام صوبائی وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی اکبر ایوب خان کی سفارش پر لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ مجریہ 2019 کے تحت اٹھایا گیا ہے۔
اس کے تحت محکمہ خزانہ نے نئے مالی سال میں اگلے مہینے یعنی یکم جولائی سے صوبے بھر میں تحصیل سطح پر نظامت بلدیات کے دفاتر کے قیام کیلئے بجٹ میں مطلوبہ فنڈز مختص کرنے کے علاہ 79 تحصیلوں کیلئے مجموعی طور پر ایک ہزار 27 آسامیاں تخلیق کر دی ہیں جن میں ہر تحصیل دفتر کیلئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر، اسسٹنٹ انجینئر، اکاؤنٹنٹ، سب انجینئر، کمپیوٹر آپریٹر، پراگریس آفیسر، آٹو کیڈ آپریٹر، جونئیر کلرک، ڈرائیور، چوکیدار، نائب قاصد اور سویپر کی ایک ایک پوسٹ شامل ہے۔
اس مقصد کیلئے اخراجات متعلقہ ضلع و تحصیل کے اکاؤنٹ فور سے پورے کئے جائیں گے۔
دریں اثنا وزیر بلدیات و دیہی ترقی اکبر ایوب خان کی زیر صدارت لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ پشاور میں اجلاس ہوا جس میں انہوں نے حکام کو تحصیل دفاتر کے فوری قیام اور آسامیوں پر بروقت بھرتیوں کی ہدایت کی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام کی بدولت صوبے بھر کے تمام شہروں اور دیہات میں میونسپل خدمات میں نمایاں بہتری آئے گی۔