پشاور:خیبرپختونخوامیں کورونا ویکسی نیشن میں ریکارڈ تیزی کے بعد ویکسین کا سٹاک ختم ہوگیا جس پر کم ویکسی نیشن والے اضلاع سے ویکسین طلب کر لی گئی۔
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق محکمہ صحت کی جانب سے بہترین انتظامات اور رابطہ عوام مہم کے باعث کورونا ویکسین کاسٹاک ختم ہوگیا ہے جس پر متعددکم ویکسی نیشن والے اضلاع سے ویکسین طلب کر لی گئی جبکہ ہنگامی بنیادوں پر این سی او سی سے رابطہ کرکے ویکسین طلب کر لی گئی تاہم اطلاعات کے مطابق این سی او سی نے 2دن کی مہلت طلب کر لی۔
ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ خیبرپختونخوا ڈاکٹرنیازمحمد نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ صوبے میں ویکسی نیشن ایک دن میں 85ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
اس لئے صوبے کو دیا گیا سٹاک محکمہ صحت کے بہترین انتظامات کے باعث مقررہ ڈیڈلائن سے قبل ہی استعمال کرلیاگیا ہے۔
انہوں نے تصدیق کی کہ این سی او سی رابطہ کیا گیا ہے اور جلد ہی کورونا کی ویکسین مل جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تیارکردہ پاک ویک ویکسین بھی ڈریپ اور ڈبلیو ایچ او کی منظوری کے بعد صوبے کو مل رہی ہے اور جلد ہی ویکسی نیشن کے تمام ہدف حاصل کر لئے جائیں گے۔