اسفند یار ولی نے سیاست چھوڑ دی؟

اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین نے ایک مقامی اخبار میں مرکزی صدر اسفندیارولی خان سے متعلق خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے این پی سربراہ کا سیاست چھوڑنے بارے افواہیں جھوٹ کا پلندہ ہیں۔

انکی طبیعت میں کافی بہتری آچکی ہے اور اللہ تعالیٰ نے چاہا تو وہ جلد کارکنان کے درمیان ہوں گے۔ افواہوں سے گریز کیاجائے۔ 

باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی کے سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین نے کہا ہے کہ ہر اہم ایشو پر ان کی جانب سے باقاعدہ بیانات بھی آرہے ہیں جو عوام و کارکنان کیلئے پارٹی پالیسی اور گائیڈلائنز ہوتے ہیں۔

ڈاکٹرز کے مشورے کے مطابق وہ ابھی آرام کررہے ہیں لیکن پارٹی کے مرکزی صدر کی حیثیت سے ہدایات جاری کرتے ہیں۔آرام کے ساتھ ساتھ وہ اپنی صدارتی ذمہ داریاں بھی نبھارہے ہیں۔

ملکی و بین الاقوامی معاملات پران کا نکتہ نظر تواتر کے ساتھ آرہا ہے اور وہ تمام معاملات کو دیکھ رہے ہیں۔انہی پالیسیوں کی بنیاد پر عوامی نیشنل پارٹی اسفندیارولی خان کی قیادت میں چل رہی ہے۔

 میاں افتخارحسین نے کہا کہ وہ صرف ہمارے صدر ہی نہیں بلکہ ہمارے رہنما ہیں، ان کے فیصلوں پر ہی پارٹی چل رہی ہے۔پارٹی قیادت ان سے ہدایات لے رہی ہیں اور انہی کی ہدایات پر پارٹی کے تمام معاملات چل رہے ہیں۔

اے این پی کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پارٹی متحرک ہوگئی جس میں پوری قیادت شریک رہی ہے، مخالفین شایدڈر کی وجہ سے اس قسم کی افواہیں پھیلارہے ہیں۔

اسفندیارولی خان کی قیادت میں عوامی نیشنل پارٹی اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔ایک مقامی اخبار میں شائع خبر بعض لوگوں کی ذہنی اختراع اور خواہش ہوسکتی ہے، دور دور تک حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

اخباری بیان انتہائی جانبدار اور ایک شخص کی ذاتی سوچ پر مبنی ہے جس کی ہم مکمل تردید کرتے ہیں۔اے این پی کے خلاف جانبدار تجزیے اور غیرمصدقہ اطلاعات،من گھڑت افواہیں پھیلانے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ولی باغ باچاخان سے آج تک پشتونوں کی قومی تحریک کی سربراہی کررہی ہے، ہوتی ہاؤس بھی اسی تحریک کا حصہ اور باچاخان کے پیروکار ہیں۔

رہنماؤں کے درمیان اختلاف یا ایک دوسرے پر حاوی ہونے کی خبریں دشمن کی خواہش ہوسکتی ہے، تمام رہنما متفق اور متحد ہیں۔پارٹی کی پالیسی اور گائیڈلائنز وہی ہیں جو اے این پی سربراہ اسفندیارولی خان دیتے ہیں، وہ آج بھی میدان میں ہیں۔

پارٹی کے تمام فیصلے اسفندیارولی خان کررہے ہیں جس کیلئے عہدیداران سے مشاورت کی جاتی ہے۔

میاں افتخارحسین نے کہا کہ صحافی حضرات صحافتی اصولوں اور صحافتی اقدار کا خیال رکھتے ہوئے غیرجانبدار خبریں شائع کریں۔عوامی نیشنل پارٹی اسفندیارولی خان کی قیادت میں متحد ہے اور ہر عہدیدار اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھارہے ہیں۔۔