کورونا وائرس ابھی جانے کا نام نہیں لے رہا ایک اطلاع کے مطابق اس نے اپنی شکل بدل لی ہے اور وہ اب نئی شکل میں 80 ممالک میں پھیل چکا ہے اس کی تازہ ترین شکل کو ڈیلٹا پلس Delta plus کا نام دے دیا گیا ہے اب تو ڈاکٹر لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ ہو سکتا ہے جن لوگوں نے دو مرتبہ اس کی ویکسین لگا رکھی ہے ان کو بھی آئندہ چھ ماہ بعد ایک مرتبہ پھر مزید ایک ڈوز کی ضرورت پڑے جسے وہ اپنی زبان میں بوسٹر کا نام دے رہے ہیں اگر تو یہ بات سچ ہے کہ کورونا وائرس لیبارٹری میں انسان کا تیار کردہ ہے جو اس کی کسی غلطی سے وہاں سے چھوٹ گیا ہے جس کی وجہ سے اس نے وسیع پیمانے پر دنیا میں اتنی زیادہ ہلاکتیں کر ڈالی ہیں تو پھر تو یہ ثابت ہو گیا کہ سپر پاورز کے سائنسدان بایولاجیکل وار فیر میں اتنے آ گے بڑھ گئے ہیں کہ اب وہ اس چکر میں ہیں کہ اٹیم بم سے بھی زیادہ مہلک کوئی ایسا ہتھیار بنا لیا جائے کہ جس سے وہ اپنے دشمن کو تہس نہس کر سکیں کہنے کا مقصدِ یہ ہے کہ ہمیں کم از کم اگست تک ایس او پیز پر سولہ آ نے عمل درآمد کرنا ہوگا کہ یہ وبا ابھی مکمل طور ہر ہمارے سر پر سے ٹلی نہیں ہے۔ امریکہ کو اڈے دینے سے صاف صاف انکار کرکے عمران خان نے اس ملک کے عوام کے دل جیت لئے ہیں ان کے اس بیان سے وہ تمام افواہیں دم توڑ گئی ہیں کہ جو بعض لوگوں نے پھیلائی تھیں کہ پاکستان نے امریکہ کو افغانستان میں شدت پسندوں پر بمباری کرنے کیلئے پاکستان کے اندر موجود ہوائی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دی ہے ایک بڑے عرصے کے بعد کسی بھی پاکستانی حکمران نے امریکہ کے خلاف اتنا مضبوط ایکشن لیا ہے اور اس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ ماضی جو حکمران امریکہ کی ہاں میں ہاں ملاتے رہے تو ان میں سے اکثر کے ذاتی مالی مفادات امریکہ سے جڑے ہوئے تھے ان میں سے اکثر کی ذاتی پراپرٹی وہاں یا ان ممالک میں ہے کہ جو امریکہ کے طفیلی ہیں ان ممالک کے سربراہوں کو نا کرنے کا تو وہ کبھی سوچ بھی نہ سکتے تھے۔ماضی میں امریکہ کا ساتھ دینے اور اس کے مفادات کا تحفظ کرنے کے نتیجے میں سوویت یونین ہمارا دشمن بھی بن گیا تھا۔ امریکہ کو عمران خان نے اس معاملے میں جو دو ٹوک بیان دیا ہے اس پر یقینا امریکہ کا سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور پینٹاگان بہت ناراض ہوئے ہوں گے۔ماضی میں ہر مرحلے پر بار بار دھوکہ کھانے کے باوجود ہم امریکہ کا ساتھ دیتے آئے ہیں۔ کوئی مانے یا نہ مانے عمران خان نے امریکہ کو اڈہ دینے سے صاف صاف انکار کر کے اس ملک کے کروڑوں انسانوں کے جذبات اور احساسات کی ترجمانی کی ہے۔