باجوڑ میں اے این پی رہنما ملک عبدالغنی قتل

باجوڑ:مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے اے این پی مرکزی وصوبائی کونسل کے ممبر اور قبائلی رہنماء ملک عبدالغنی خان کو قتل کردیا۔

 واقعہ میں بیٹے اور اے این پی تحصیل سلارزئی کے صدر شاہ خالدسمیت دوراہگیر زخمی ہوگئے۔

ریسکیو1122باجوڑ ذرائع کے مطابق پیر کے دن نماز عصر سے ایک گھنٹہ قبل ضلع باجوڑ کے تحصیل خار علاقہ حاجی لونگ میں مسلح موٹر سائیکل سواروں نے عوامی نیشنل پارٹی مرکزی وصوبائی کونسل کے ممبراور قبائلی رہنماء ملک عبدالغنی خان ساکن متہ شاہ سلارزئی کی گاڑی پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ پارٹی اجلاس میں شرکت کے بعد خار سے واپس اپنے گاؤں متہ شاہ جارہے تھے۔

 فائرنگ کے نتیجے میں ملک عبدالغنی خان، بیٹے اے این پی تحصیل سلارزئی کے صدر شاہ خالد خان سمیت 2 راہگیر زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو1122نے علا ج کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خار منتقل کیا۔

 تاہم ملک عبدالغنی خان ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی چل بسے سابق رکن قومی اسمبلی شہاب الدین خان نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ باجوڑ میں امن وامان کی حالت تشویشناک ہے اور ایسے واقعات سے مزید انارکی او ر افراتفری پھیلے گی۔