پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سرکاری محکموں میں اصلاحات کے سلسلے میں ایک اور اہم قدم کے طور پر عوامی خدمات سے متعلق تمام تعمیراتی محکموں کے دائرہ کار اور ذمہ داریوں کا واضح تعین کرنے اور اس سلسلے میں گائیڈ لائنز مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تاکہ تعمیراتی منصوبوں اور عوامی خدمات کی فراہمی کے کاموں میں ڈوپلیکیشنز کو ختم کرکے عوامی وسائل کے غیر ضروری مصرف کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے اس سلسلے میں محکمہ منصوبہ بندی کو تمام تعمیراتی محکموں کے ساتھ مل بیٹھ کر تعمیراتی منصوبوں اور عوامی خدمات کی فراہمی کے کاموں کے لئے ان محکموں کی ذمہ داریوں اور مینڈیٹ کا واضح طور پر تعین کرنے کے لئے ایک مہینے میں لائحہ عمل تیار کرکے منظوری کے لئے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وہ گزشتہ روز اس سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ محکمہ مواصلات، بلدیات، منصوبہ بندی، آبپاشی اور آبنوشی کے انتظامی سیکرٹریوں نے اجلاس میں شرکت کی۔
واضح رہے کہ تعمیراتی منصوبوں اور عوامی خدمات کی فراہمی کے مختلف کاموں مثلاً پینے کے پانی کی فراہمی، نالیوں اور گلیوں کی پختگی، صفائی ستھرائی، سڑکوں کی تعمیر، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، میونسپل سروسز اور آبپاشی کے شعبوں میں ایک ہی کام ایک سے زیادہ محکمے انجام دینے کی وجہ سے مختلف پیچیدگیاں پیدا ہورہی تھیں جن سے بچنے کے لئے اس طرح کی ڈوپلیکشنز کو دور کرنا اور ہر ایک محکمے کے کام اور ذمہ داریوں کا واضح تعین کرنے کی ضرورت تھی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ان محکموں کے تحت مختلف تعمیراتی منصوبوں کے ٹھیکوں میں سو فیصد شفافیت اور تعمیراتی کاموں کے معیار کو بھی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ٹینڈرنگ اور بڈنگ کے جملہ امور کو شفاف بنانے اور تعمیراتی کاموں کی مانیٹرنگ کے نظام کو موثر بنانے کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ اسی طرح وزیر اعلیٰ نے صوبے میں آبپاشی کی نہروں میں نکاسی کے گندے پانی کے بہاؤ کی موثر روک تھام کے لئے ہوم ورک مکمل کرکے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔