پشاور:خیبر پختونخوا حکومت اورجانی خیل قوم کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے مظاہرین نے دھرنا ختم کرکے میت کو دفنانے کا اعلان کردیا۔
خیبر پختونخوا کے وزیر ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد خان وزیر کی قیادت میں گرینڈ وزیر جرگہ تشکیل دیا گیا جس میں صوبائی حکومت کی طرف سے شاہ محمد وزیر، ڈپٹی کمشنر بنوں کیپٹن (ر) محمد زبیر خان نیازی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمران شاہد نے حکومت کی نمائندگی کی جبکہ جانی خیل کی طرف سے 25 رکنی نمائندہ کمیٹی ممبران شریک ہوئے۔وزیرستان کے احمدزئی اور اتمانزئی اقوام کے مشران نے ثالثی کا کردار ادا کیا۔
کامیاب مذاکرات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر ملک شاہ محمد وزیر نے کہا کہ جانی خیل قوم کے ساتھ ایک معاہدہ ہوا تھا اس پر عمل درآمد میں کمی تھی اسلئے انہوں نے دوبارہ دھرنا شروع کیا تھا تو ہمیں اختیار دیا گیاتھا یہ ایک بااختیار کمیٹی تھی اور تین چار دن سے مذاکرات میں لگے ہوئے تھے اور اس مذاکرات میں وزیرستان کے تمام مشران احمد زئی اور اتمانزئی اقوام کی کوششوں سے یہ مذاکرات کامیاب ہوئے۔
انہوِں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی نگرانی میں جو معاہدہ ہوا تھا اس پر بھی عمل درآمد ہوگا اور اس کے لیے ایک جرگہ تشکیل دیاگیا اور جمعرات کے دن وہ جرگہ جاکر جانی خیل قوم کے مشران کے ساتھ بیٹھ کر ان کے جو بھی مسائل اور مطالبات ہیں انہیں حل کرنے کی کوشش کریگا۔
انہوں نے کہا کہ اس دھرنے کی وجہ سے جو تکالیف و مسائل پیش آئے انہیں وہ جرگہ حل کریگا اور اسکو حکومت کی طرف سے اور جانی خیل قوم کی طرف سے مکمل اختیار ہوگا کہ وہ جو بھی فیصلہ کرے گا وہی آخری فیصلہ ہوگا
ترجمان خیبرپختونخوا حکومت و معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے اتوار کو اپنے آفس سے جاری ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبائی وزیر شاہ محمد کی سربراہی میں حکومتی جرگہ قائم کیا تھا۔
کئی دن کی کاوشوں سے دھرنا شرکاء کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوئے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ متفقہ طور پر سات رکنی گرینڈ وزیر جرگہ بنانے پر اتفاق ہوا ہے جس میں تمام سٹیک ہولڈرز کے نمائندے شامل ہوں گے۔
گرینڈ جرگہ وزیراعلیٰ کے ساتھ ہونے والے پچھلے مذاکراتی نکات لاگو کرنے میں رکاوٹوں کو دور کرے گا جبکہ جرگہ حکومتی و علاقائی سطح پر پائے جانے والی رکاوٹوں کو بھی دور کرے گا۔
معاون وزیراعلیٰ کامران بنگش نے مزید کہا کہ جرگہ حالیہ دھرنا شرکاء کو پیش آنے والی مشکلات دور کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔مذاکرات کی کامیابی کے بعد میت کو دفنا کر دھرنا ختم کیا گیا۔
انہوں واضح کیا کہ آج عوام، صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ محمود خان کی کوششوں سے امن جیت گیا جبکہ امن دشمن عناصر کو شکست کا سامنا ہوا۔