نیا مالی سال، خیبرپختونخوا حکومت کا پہلے ہی دن تاریخی کارنامہ

پشاور:خیبرپختونخوا کی تاریخ میں آج دو اہم کام ہوئے ہیں۔ صوبائی حکومت نے مالی سال2020-21 کے پہلے ہی دن منظور شدہ جاری منصوبوں کے لیے 100 فیصد ترقیاتی فنڈز جاری کیے ہیں اسی طرح وفاقی حکومت سے آج خالص بجلی منافع کی مد میں پہلی بار خطیر رقم 25 ارب روپے موصول ہوئے ہیں۔

 صوبائی محکمے اب سال کے پہلے ہی دن سے ترقیاتی کام شروع کر سکیں گے۔ ترقیاتی کاموں میں تاخیر کے لیے فنڈز نہ ہونے یا ریلیز نہ کیے جانے کا بہانہ نہیں بنایا جا سکے گا۔ خیبرپختونخوا حکومت نے این ایچ پی کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی اور یہاں سے ہمیشہ اچھی اور مثبت سوچ کا اظہار کیا گیا۔

 ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش نے سول سیکرٹریٹ پشاور میں ایک پریس سے خطاب کے دوران کیا۔

 اس موقع پر تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی تاریخ میں آج کا دن اہم ہے کیونکہ آج دو اہم کام سر انجام پائے ہیں۔ صوبائی حکومت نے آج مالی سال کے پہلے ہی دن منظور شدہ جاری منصوبوں کے لیے 100 فیصد ترقیاتی فنڈز جاری کر دیئے ہیں اس سے قبل صوبے یا ملک کی تاریخ میں ایسا انقلابی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

 صوبائی ترقیاتی بجٹ کے 120 ارب سے زائد جاری کیے ہیں جبکہ مزید منصوبوں کی منظوری پر ان کے لیے 100 فیصد مختص فنڈز جاری کر دیں گے۔ اس ضمن میں محکمہ خزانہ نے اعلامیہ بھی جاری کردیا ہے۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ اس سے قبل 40 فیصد سے زیادہ ترقیاتی بجٹ جون میں خرچ ہوتا تھا جس سے معیار متاثر ہوتا تھا۔ 

اب ترقیاتی بجٹ کو خرچ کرنے کے لیے پورا سال میسر ہوگا اور تمام محکموں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ابھی سے ترقیاتی بجٹ استعمال کریں۔ اب کوئی یہ بہانہ نہیں بنا سکے گا کہ محکمہ خزانہ فنڈز جاری نہیں کر رہا۔ ترقیاتی بجٹ ابھی سے جاری کرنے سے سرد اور برفباری والے علاقوں میں ترقیاتی کام جلد کیا جا سکے گا۔

 انہوں نے کہا کہ اس کا مثبت اثر سب کو نظر آئے گا اور صوبہ مزید بہتر اقتصادی سطح کی جانب بڑھے گا۔ محکمہ خزانہ کے افسران و ملازمین دن رات کام کر رہے ہیں جبکہ یہ محکمہ بھی اب بہتر سروس ڈیلیوری کر رہا ہے۔ 

تیمور جھگڑا نے بتایا کہ خالص بجلی منافع کی مد میں آج وفاق سے 25 ارب روپے ملے ہیں اور یہ این ایچ پی کی مد میں پہلی غیر معمولی ریلیز ہے جو کہ خیبرپختونخوا کو ملی ہے۔ وفاقی حکومت نے 36 ارب کے بقایاجات ادا کرنے تھے۔ باقی بقایاجات بھی جلد مل جائیں گے۔

 رواں مالی سال کے بجٹ کے موقع اپوزیشن کے پاس بولنے کے لیے سوائے این ایچ پی بقایاجات کے اور کچھ نہیں تھا تاہم اپوزیشن کو بتانا چاہتے ہیں کہ یہ حکومت اپنے حقوق لینا جانتی ہے۔

 یہ صوبائی حکومت کی کامیابی اور وفاقی حکومت کا احسن اقدام ہے۔ اس کے لیے وزیرِاعظم عمران خان اور وزیر خزانہ شوکت ترین کے شکر گزار ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اس کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی اور وہ کامیاب بھی ہوئے۔ 

انہوں نے اس ضمن اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیر دفاع پرویز خٹک کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ تیمور جھگڑا نے اس قدم کو وفاقی و صوبائی حکومت کے تعلقات کے لیے مثبت اور خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے پیڈو کو بااختیار بنانے کا بھی عندیہ دیا۔ 

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کو ان کے حقوق ملیں گے اور جلد وہاں بھی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ تیمور جھگڑا نے پنشن اصلاحات کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پہلا صوبہ ہے جو کہ فنڈڈ پنشن نظام لا رہا ہے۔

 یہ نظام آج سے 20 برس پہلے شروع ہو جانا چاہیے تھا تاہم اس وقت کی حکومتوں نے اس پر بالکل توجہ نہیں دی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے مسائل احسن طریقے سے وفاق کے ساتھ اٹھا رہی ہے اور وہ حل بھی ہو رہے ہیں۔

 خیبرپختونخوا سے ہمیشہ اچھی اور مثبت سوچ کا اظہار کیا گیا۔ ہم نہ بے تکی سیاست کرتے ہیں اور نہ ہی کیچڑ اچھالتے ہیں۔ میڈیا عوام میں امید کے ساتھ شعور اجاگر کرنے میں بھی کردار ادا کرے۔خیبرپختونخوا عمران خان کے وژن اور وزیراعلیٰ محمود خان کی قیادت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔