پشاور:خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے بعد صوبہ بھر میں شہری و دیہی سطح پر بلدیاتی الیکشن شیڈول کا اعلان عنقریب ہونے والا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں حلقہ بندیاں مکمل ہونے پر صوبے کے 34 اضلاع کیلئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران‘ریٹرننگ آفیسرز اور پریذائیڈنگ آفیسرز کی تعیناتیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے تاہم صرف پشاور میں حلقہ بندی آٹھ جولائی تک مکمل ہو جائے گی جس کے فوری بعد اس 35ویں ضلع کیلئے بھی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور باقی انتخابی عملہ مقرر کر دیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر بلدیات سیکرٹریٹ پشاور میں مردان کے ارکان اسمبلی کے وفد کیساتھ ملاقات اور بات چیت کے دوران کیا جنہوں نے مردان میں بلدیاتی انتخابات اور میونسپل سکیموں سے متعلق بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وفد میں صوبائی وزیر خوراک و انفارمیشن ٹیکنالوجی عاطف خان‘ مشیر برائے معدنیات عارف احمد زئی اور ظاہر شاہ طورو شامل تھے‘وزیر بلدیات نے کہا کہ مردان سمیت پورے صوبے میں کنٹونمنٹ بورڈز کے الیکشن 9 ستمبر کو ہونے جا رہے ہیں ان کیلئے بھی ارکان اسمبلی اور کارکن بھرپور تیاریاں کریں۔
وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے بلدیاتی انتخابات کی ساخت میں انقلابی اصلاحات کی ہیں جن میں دھاندلی کے امکانات بالکل ختم اور ہارس ٹریڈنگ کو قصہ پارینہ بنایا جا رہا ہے اب ضلع اور یونین کونسل کو نکال کر صرف ویلج یا نیبرہڈ کونسل اور تحصیل کونسل کی سطح پر الیکشن ہوں گے ہر ووٹر بیک وقت چھ ووٹ پول کرے گا۔
ایک ووٹ سٹی میئر یا تحصیل چیئرمین‘ ایک ووٹ ویلج یا نیبر کونسل جنرل ممبر کیلئے جن میں اکثریتی ووٹوں کی بنیاد پر تین ممبرز منتخب ہوں گے‘ ایک ووٹ کسان مزدور‘ایک خواتین‘ایک نوجوانوں اور ایک ووٹ اقلیتی کونسلر کے امیدواروں کیلئے استعمال ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اب شہریوں کو پرانے نظام کے مقابلے میں ووٹ ڈالنے میں زیادہ آسانی ہوگی جبکہ نئے طریقہ کار سے ہارس ٹریڈنگ کیساتھ ساتھ ووٹنگ سسٹم میں دھاندلی کے امکانات بھی ختم ہو نگے۔
اکبر ایوب خان نے کہا کہ ضلع مردان میں ایک سٹی میئر اور چار تحصیل کونسلوں کے علاوہ 231 ویلج اور نیبرہڈ کونسل کی نشستوں پر الیکشن بیک وقت ہوں گے‘ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی ٹی آئی ورکروں کیساتھ ساتھ ارکان اسمبلی بھی قابل اور محنتی بلدیاتی امیدواروں کو انتخابی اکھاڑے میں اتاریں گے اور انکی مہم بھی تیز کریں گے۔
اکبر ایوب خان نے مردان میں میونسپل سکیموں سے متعلق واضح کیا کہ صوبائی حکومت نئے مالی سال میں 103 ارب روپے کی لاگت سے شروع کردہ سٹی امپرومنٹ پراجیکٹ‘11 ارب روپے کے فنڈز سے ڈسٹرکٹ گورننس‘ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام اور 4 ارب روپے سے ری ہیبلٹیشن آف رورل روڈز پر کام شروع کر رہی ہے جس میں مردان کا حصہ سب سے بڑا ہے صوبائی حکومت کے ترقیاتی اقدامات سے اس علاقے کا پورا نقشہ ہی بدل جائے گا۔