سوات:پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ موقع ملا توخیبرپختونخوا)کے پی کے(کو پنجاب سے آگے لے کر جائیں گے۔
غربت کے خلاف، مہنگائی کے خلاف، ظلم و زیادتی کے خلاف انقلاب آنا چاہیے، مالم جبہ جانا چاہتا ہوں مگر ڈرتا ہوں وہاں کرپشن کسی اور نے کی لیکن قومی احتساب بیورو(نیب)مجھے ایک مرتبہ پھرنہ دھرلے۔
عمران خان کے خیبرپختونخوا میں ساڑھے 300 منی ڈیم بنانے کے الفاظ میرے کانوں میں گونجتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے سوات میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ)پی ڈی ایم(کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جانب سے سوات کے عوام کو سلام ہو اور میں آپ کو یہ بتانے آیا ہوں کہ نواز شریف کی قیادت میں 2013 کے بعد دن رات محنت سے 24 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی۔
انہوں نے کہا کہ میرے کانوں میں عمران خان کے وہ الفاظ گونجتے ہیں کہ خیبر پختونخوا میں ساڑھے 300 منی ڈیم بنا کر صرف خیبرپختونخوا میں نہیں بلکہ پورے پاکستان کو سستی بجلی فراہم کروں گا اور پھر کیا ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے 2018 تک 14 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کرکے 20،20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ختم کی تھی لیکن یہ حکومت آئی اور آج سستی بجلی تو دور کی بات مہنگی بجلی بھی دستیاب نہیں ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جس شخص نے کہا تھا 90 دنوں میں کرپشن ختم کردوں گا، اگر روپے کی قیمت ڈالر کے مقابلے میں گرتی ہے تو سمجھیں وہ وزیراعظم چور ہے۔
صدر مسلم لیگ(ن)نے کہا کہ میں مالم جبہ جانا چاہتا ہوں مگر ڈرتا ہوں وہاں کرپشن کسی اور نے کی لیکن قومی احتساب بیورو(نیب)مجھے ایک مرتبہ پر نہ دھرلے کیونکہ نیب نیازی کو مجھے دھرنے کا شوق ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اس لیے مالم جبہ نہیں جا رہا ہوں کہیں کوئی یہ نہ سمجھے کہ یہ بھی میں نے بنایا تھا لیکن میں مالم جبہ اس وقت جاوں گا جب پاکستان میں پی ڈی ایم عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوگی۔
پنجاب کے سابق وزیراعلی نے کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں اللہ نے اگر ہمیں موقع دیا تو ہم کے پی کے کو پنجاب سے آگے لے کر جائیں گے اور پاکستان کا بہترین صوبہ بنائیں گے، یہ باتیں خالی خولی نہیں ہیں بلکہ حقائق خود بولتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غربت کے خلاف، مہنگائی کے خلاف، ظلم و زیادتی کے خلاف انقلاب آنا چاہیے، اس نظام کے خلاف انقلاب آنا چاہیے، اس ملک میں انصاف کا انقلاب آنا چاہیے اور ملک کے اندر سماجی، اسلامی رفاہی ریاست کا انقلاب آنا چاہیے، اس کے بغیر یہ ملک اقوام عالم میں اپنا وجود نہ منوا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسی نکتے پر مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں پی ڈی ایم اپنے سفر کا آغاز کرچکی ہے، اس ملک میں ہر چیز موجود ہے، اللہ نے تمام قدرتی وسائل دیے ہیں لیکن کمی ایک چیز کی ہے یعنی کر گزرنے کی صلاحیت اور جذبہ ہے، اگر وہ آجائے تو پھر کوئی دریا، کوئی پہاڑ ہمارا راستہ نہیں روک سکتا۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں آپ کو کہنے آیا ہوں کہ وہ جو کہتا ہے نا کہ صبر کرو گھبراو نہیں تو گھبراو اور اس کو بھگاو، اس کے بغیر گزارا نہیں ہے، کہتے ہیں مسئلہ کشمیر حل ہوجائے تو ایٹمی طاقت کی ضرورت نہیں ہے، ایٹمی طاقت تو پاکستان کا دفاع ہے، دشمن اس کی وجہ سے ہمیں میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نیازی کہتا ہے ہمیں ایٹمی طاقت کی ضرورت نہیں رہے گی، ایک دن کہتے ہیں بھارت سے کپاس منگواؤ اور اگلے دن کہتے ہیں نہیں منگواؤ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نیازی اور اس کی ٹیم نے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک)کے خلاف زہر گھولا اور آج اس کی تعریف کرتے تھکتے نہیں ہیں۔
وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کیسا شخص ہے جو دن رات غلط بیان، دروغ گوئی اور یوٹرن مارتا ہے، اگر آپ چاہتے ہیں کہ وہ آپ کی تقدیر کے ساتھ مزید نہ کھیلے تو پھر آپ کو خود اپنی تقدی بدلنا ہوگی۔