خیبرپختونخوا نے بہترین اصلاحات کی بدولت ہر شعبہ میں ترقی کی، تیمور جھگڑا

پشاور:خیبرپختونخوا نے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کرتے ہوئے ہر شعبہ میں اصلاحات کرتے ہوئے ترقی کی۔

 ترقیاتی بجٹ مالی سال کے آغاز پر ہی 100 فیصد جاری کر دیا جبکہ صحت کارڈ پلس جیسے انقلابی پروگرام سے اب تک ڈھائی لاکھ افراد مفت علاج معالجے کی سہولت کر چکے ہیں۔

 طلبہ بہترین علوم حاصل کر کے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

 ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس اسلام میں طلبہ و اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

اس موقع پر صوبائی وزیر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ جدید علوم حاصل کر کے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر ہر شعبہ میں نمایاں ترقی حاصل کی۔

 خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی نے رواں سال اپنے ہدف سے زیادہ محاصل اکٹھے کیے۔ 

کیپرا نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس سال 20.8 ارب روپے کا ٹیکس جمع کیا جو کہ سال 2018-19 کے مقابلے میں 100فیصد زیادہ ہے۔

 صوبائی حکومت نے ترقیاتی اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے 100 فیصد ترقیاتی بجٹ مالی سال کے پہلے ہی دن جاری کر دیا۔ اسی طرح رشکئی اسپیشل اکنامک زون کا باقائدہ افتتاح ہو چکا ہے جس سے دو لاکھ سے زائد نوکریاں پیدا ہوگی اور نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کو دوام حاصل ہوگا۔

 تیمور جھگڑا نے طلبہ کو بتایا کہ گزشتہ سال خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کی 100فیصد آبادی کو ہیلتھ انشورنس فراہم کی جس کے تحت سالانہ 10 لاکھ تک  مفت صحت سہولیات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

 اس پروگرام سے گزشتہ سات ماہ میں ڈھائی لاکھ سے زائد مریض مستفید ہو چکے ہیں۔ اسی طرح ضم شدہ اضلاع میں آٹھ ہسپتالوں کو آوٹ سورس کیا جس سے وہاں کے شہریوں کو تمام جدید صحت سہولیات میسر ہو چکی ہیں جبکہ مزید دس ہسپتال آوٹ سورس کرنے کی منظوری دی جا چکی ہے۔

 صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے میں پنشن ریفارمز کا اجراء کر دیا ہے۔ اب پنشن صرف بیوہ، بچوں اور والدین کو ملے گی جبکہ فیملی پنشن 75 کی بجائے 100 فیصد کردی ہے۔

 محکمہ صحت میں اصلاحات کے حوالے سے تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ صوبے میں IDAP کے ساتھ ملکر تمام ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کی تعمیرنو کا منصوبہ شروع کر دیا ہے جس کیلئے مرحلے میں چھ ہسپتالوں پر کام جلد شروع ہو جائے گا۔