سوات: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ پی ڈی ایم کے آگے یہ ناجائز حکومت نہیں ٹک سکتی۔
پی ڈی ایم اس غیر آئینی حکومت کے خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، حکمرانوں نے ملک کا تابناک مستقبل تاریک کردیاآج چین پاکستان کے بجائے ایران جا کر سرمایہ کاری کر رہا ہے۔
گراسی گراؤنڈ میں پی ڈی ایم کے جلسہ عام سے خطاب میں مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ امریکہ نے اڈے مانگے کب تھے کہ آپ انکار کر رہے ہو؟ قوم کے ساتھ جھوٹ مت بولو پاکستان کی سرزمین اور فضائیں پہلے ہی یہ دے چکے ہیں۔
افغانستان میں صورتحال تبدیل ہو رہی ہے اور وہاں پر امریکہ شکست کھاکر نکل چکا ہے افغانستان کا 80 فیصد علاقہ طالبان کے ہاتھوں میں ہے۔
انہوں نے کہاکہ مختلف اداروں کی طرف سے غیر آئینی حکومت کی پشت پناہی ہو رہی ہے، جس طرح یہ ناجائز حکومت مجرم ہے اسی طرح ادارے بھی مجرم تصور ہونگے، ہم نے ایک جمہوری، معاشی، آزاد، خوشحال، اسلامی مستقبل کی طرف آگے بڑھنا ہے، ہمارے علما کرام کو خریدنے کی کوشش کی ہے لیکن میں اپنے علما پر فخر کرتا ہوں، داڑھی پگڑی پر فخر کرتا ہوں باوجود غربت کے انہوں نے آپ کے ڈالر اور امداد کو مسترد کر دیا۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان ملک کے سیاسی ڈھانچے کا غیر ضروری حصہ ہیں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر عوام نے ووٹ کا صحیح استعمال نہیں کیا تو پچھتاوا ہوگا، گھبرا اور اس کو بھگا کا نعرہ لگانے آیا ہوں، مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کر رکھا ہے،شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کر دیا ہے، مہنگائی کے مارے عوام کھانے،دوائی کے لئے ترس رہے ہیں،بجٹ کے بعد مہنگائی کا طوفان آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوات میں بلین ٹری سونامی کا کیا بنا؟ مالم جبہ سکینڈل کا کیا بنا؟ میں مالم جبہ جانا چاہتا ہوں لیکن ڈرتا ہوں کہیں ایسا نا ہو کہ نیب مجھ پر پھر سے کرپشن کا الزام لگا لیں، انہوں نے کہا کہ ہم نے لیپ ٹاپ دئے تو عمران خان کہتا تھا کہ طلبا کو رشوت دے رہے ہیں،آج اسی لیپ ٹاپ سے تعلیمی سلسلہ جاری ہے اور نوجوانوں کے روزگار کا ذریعہ بنا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی حکومت میں بجلی کا مسلہ حل کردیا تھا لیکن عمران خان کے آتے ہیں بجلی پھر سے غائب ہو گئی ہیں، مہنگی بجلی تو ایک طرف اب بجلی ملنا بھی محال ہوگیا ہے۔
آفتاب خان شیرپا نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوامی مینڈیٹ نہیں جعلی مینڈیٹ تھا،پی ڈی ایم اور عوام ایک ہی پیج پر ہے، تین سال بعد عوام رو رہے ہیں۔
انہوں نے غریبوں کو مزید غریب کردیا،تاریخ میں عوام نے اتنی مہنگائی نہیں دیکھی، 35 سے 40 لاکھ لوگوں کو نوکریوں سے نکال دیا گیا یہ ہے نیا پاکستان، پی ڈی ایم کی قیادت سے درخواست ہے حکومت ملنے کی صورت میں پختونخوا کے عوام کو ریلیف دیں۔
محمود خان اچکزئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہمیں خیرات میں نہیں ملا، پاکستان بہت قربانیوں کے بعد ملا ہے، پاکستان بہت مشکل وقت سے گزر رہا ہے،پی ڈی ایم پاکستان میں قانون کی بالادستی کے لیے تحریک ہے، جو پاکستان کے آئین کو نہیں مانتے ہم انہیں نہیں مانتے۔
ن لیگ کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پی ڈی ایم کے قائدین نا لائق حکمرانوں کو گھر بھیجنے کے لیے باہر نکلے ہیں، آج ملک کے ادارے گروی رکھ دیئے گئے ملک پر نااہلوں کا ٹولہ مسلط ہیں، اگر نالائقوں کا ٹولہ مزید مسلط رہا تو وہ ملک بیج دینگے۔