خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں فورسزکی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کےحملے میں 4 جوان شہید ہوگئے، جبکہ پاک فوج کی جوابی کاروائی میں 4 دہشت گرد بھی مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردوں نے جنوبی وزیرستان مکین میں فورسزکی چیک پوسٹ پرفائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 4 جوان شہید ہوگئے۔ شہداء میں لانس نائیک عمران علی، سپاہی عاطف جہانگیر، سپاہی انیس الرحمان اورسپاہی عزیز شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے دہشت گردوں کومنہ توڑجواب دیا گیا جب کہ جوابی کارروائی میں چاردہشت گرد بھی مارے گئے۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر اظہار تعزیت کی اور شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہارکیا۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دیں، قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔