آخر تیرہ نمبر میں ایسا کیا رکھا ہے؟ 13 عدد کا خوف کیوں ہے لوگوں میں؟ آپ جانتے ہوں گے کہ مغرب میں بھی توہم پرستی بہت زیادہ ہے، اس لیے ہم دیکھتے ہیں کہ تیرہ نمبر سے وہ بہت خوف کھاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ محض نمبر کی وجہ سے فون کی خرید و فروخت پر بھی اثر پڑا، یعنی جب آئی فون 13 آیا تو یہ بھی توہم پرستی کی زد پر آ گیا۔
اگر کوئی ایسی تاریخ آ جائے جس میں جمعہ ہو اور 13 تاریخ بھی ہو، تو لوگ کوشش کرتے ہیں کہ اپنا کوئی بڑا کام اس دن ہرگز نہ کریں، جیسا کہ شادیاں نہیں کرتے لوگ، وہ سمجھتے ہیں کہ کوئی مسئلہ ہو جائے گا۔
جب آئی فون 12 کے بعد 13 کی باری آئی تو کمپنی الجھن میں پڑ گئی، انھوں نے سوچا کہ کیا بارہ کے بعد سیدھا 14 پر جایا جائے، یا 13 ہی لانچ کیا جائے، اگر 13 لانچ کرتے ہیں تو کیا صارفین اسے خریدنے سے ہچکچائیں گے تو نہیں، آخرکار انھوں نے فیصلہ کیا کہ جو بھی ہو دیکھا جائے گا، آئی فون 13 ہی لانچ کرتے ہیں، اور پھر رواں سال اسے لانچ کر دیا گیا۔
اس سلسلے میں اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ماہر علم نجوم اور علم الاعداد ہمایوں محبوب نے خصوصی گفتگو کی، انھوں نے کہا کہ مغربی دنیا اور امریکا میں 13 نمبر کے حوالے سے یہ بات بہت پھیلی ہوئی ہے کہ یہ منحوس ہے، لیکن ایسا کچھ نہیں ہے، ہم مسلمانوں کے نزدیک کوئی بھی نمبر خراب یا برا نہیں ہے، اور گہری بات یہ ہے کہ یہ بہ ذات خود تیرہ نمبر ہے بھی نہیں، حقیقت میں یہ 1 جمع 3 یعنی 4 ہے، کیوں کہ اللہ تعالیٰ نے اس کائنات کو ایک سے لے کر 9 تک کے نمبروں میں قید کر رکھا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ سب سے بڑا نمبر 9، اور سب سے پہلا نمبر الف، ایک سے پیچھے کچھ نہیں، تو لکھنے میں تو یہ تیرہ ہے لیکن علم الاعداد کے حساب سے یہ نمبر 4 ہے، اور یہ سورج کا منفی نمبر ہے، یاد رکھیں کہ علم النجوم کے ساتھ علم الاعداد بھی منسلک ہوتی ہے، اس لیے تیرہ نمبر سے کچھ نہیں ہوتا، اصل بات یہ ہے کہ ایک شخص کے لیے وہ دن کیسا ہے، وہ وقت کیسا ہے، اس بات کی اہمیت ہے۔
انھوں نے 8 نمبر کے حوالے سے بتایا کہ علم النجوم میں یہ زحل (Saturn) کا نمبر ہے، تو یہ عدد انسان کو زندگی میں جدوجہد بہت کراتا ہے، آپ دیکھیں گے کہ آٹھ نمبر جن کا ہوگا، ان کو 40 سال کے بعد عموماً ایک دم اٹھان ملنا شروع ہو جاتی ہے، اور پاکستان میں 8 نمبر کی مشہور شخصیت گزری ہے، جنرل ضیاءالحق کا عدد آٹھ تھا، ان کا طیارہ 8 تاریخ کو تباہ ہوا تھا۔