سوات:کالام اتروڑ میں 2اقوام کے درمیان زمین کے تناعے پر فائرنگ کے تبادلے میں 6 افرادجاں بحق جبکہ20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
دونوں اقوام ایک دوسرے کے خلاف مورچہ زن ہوگئیں،دن بھر فائرنگ کا تبادلہ جا ری رہا،علاقے میں حالات شدید کشیدہ ہوگئے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز صبح کینی ماسکوپٹ بانڈہ میں دوقوموں کے درمیان آلو کی کاشت پر زمین کے تنازعے پر فائرنگ شروع ہوئی جس میں دونوں اقوام ایک دوسرے کے خلا ف مورچہ زن ہوگئیں اور دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جو رات گئے تک مسلسل جاری رہا۔
آمدہ اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں اتروڑ قوم سے پانچ افراد قتل ہوئے جن میں ریاض ولد حاجی نمروز،محمد عمر ولد زیارت فقیر،حسین ولد میاں نور،وحید رحمان ولد اجروڑاور سید عمر ولد زیارت فقیر شامل ہے جبکہ کالام قوم سے محمد بنی قتل ہوئے۔دونوں اطراف سے 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دونوں اقوام تاحال ایک دوسرے کے خلاف مورچہ زن ہے اور وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے اور علاقے میں حالات شدید کشیدہ ہیں۔واضح رہے کہ جرگہ میں ثالثی کیلئے جانے والے سابق ناظم گبرال ملک عقل زادہ کی گاڑی پر اتروڑ میں پتھراؤکیاگیا جس سے وہ زخمی ہوگئے‘ انہیں کالام ہسپتال منتقل کردیا گیا۔