وزیراعلیٰ کا پھر ”دبنگ دورہ“ ایکسائز عملہ معطل 

پشاور/شیرگڑھ:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اتوار کے روز ضلع مردان اور ضلع ملاکنڈ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔

 وزیر اعلیٰ بغیر کسی سکیورٹی اور پروٹوکول ان اضلاع کے ہسپتالوں، ایکسائز چیک پوسٹوں اور دیگر عوامی مقامات کا اچانک دورہ کیا۔

 ضلع مردان کے علاقہ شیر گڑھ میں ایکسائز چیک پوسٹ کا دورہ کرکے وزیر اعلیٰ نے چیک پوسٹ پر تعینات تمام عملے کو معطل کردیا۔ عملہ گرمی کا بہانہ بنا کر سڑک پر گاڑیوں کی چیکنک چھوڑ کر کمروں میں آرام کررہے تھے۔ 

اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر وہ خود گرمی میں نکل کر معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں تو سرکاری اہلکاروں کو بھی اپنی ڈیوٹی صحیح طریقے سے ادا کرنی ہوگی اور انہیں تنخواہ اسی کام کی ملتی ہے۔وزیر اعلیٰ نے مردان کے بعض مقامات میں صفائی کی ابتر صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صفائی کی صورتحال جلد سے جلد بہتر بنانے کے لئے متعلقہ ٹی ایم اوز کو وارننگ جاری کی۔

اس دوران وزیراعلیٰ نے درگئی ہسپتال کا بھی دورہ کرکے وہاں پر فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال میں علاج معالجے کے ناقص انتظامات اور صفائی کی ابتر صورت حال پر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے دیگر عملے کو وارننگ دی۔

 وزیر اعلیٰ نے اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ اور ڈی ایچ او ملاکنڈ سے وضاحت بھی طلب کی۔ سخاکوٹ میں ٹریفک مینجمنٹ کی خراب صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے سخاکوٹ کے ٹریفک انچارچ اور دیگر ذمہ دار عملے کو بھی معطل کر دیا۔ 

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ جو سرکاری اہلکار اپنی فرائض منصبی کی انجام دہی میں غفلت برتے گا اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور وہ سیدھا گھر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں اور اہلکاروں کو عوامی خدمت کو اپنا شعار بنا ناہوگا اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔

 انہوں نے کہا کہ بہتر عوامی خدمات اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی پاکستان تحریک انصاف حکومت کا مشن ہے اس پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، تمام سرکاری محکموں کو اس سلسلے میں تسلی بخش کارکردگی دکھانی ہوگی اور سرکاری اہلکاروں کو اپنے فرائض کی بطریق احسن انجام دہی کو یقینی بنانا ہوگا بصورت دیگر کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔