خیبرپختونخوا میں بارشوں سے تباہی

 

پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش‘ ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

 بارشوں سے رابطہ سڑکیں بند اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ کرک کے علاقہ تخت نصرتی میں بارش سے دیوار منہدم ہونے کے باعث دو بچے جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں سدیس اور ایمن شامل ہیں۔

کوہاٹ کے علاقہ شکردرہ میں برساتی نالے میں سات بچے بہہ گئے جن میں سے دو بچوں کی لاشیں نکال لی گئی جبکہ چار کو زندہ بچا لیاگیا ایک بچہ لاپتہ ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے گذشتہ روز ایک ہی گھر کے سات بچے برساتی نالے میں نہارہے تھے کہ اس دوران پانی کے تیز بہاؤ میں تمام بچے بہہ گئے۔

دیگر بچوں کے شور مچانے پر مقامی لوگوں نے برساتی نالے سے دوبچوں اعزاز خان ولد شاہ حسین اور رقیہ بنت شاہ حسین کو مردہ حالت میں نکالا جبکہ چار بچوں توصیف، رابعہ،فہد اور ایمان کو پانی سے زندہ نکال لیا اور ایک بچہ سعدتاحال لاپتہ ہے۔

لاشوں اور دیگر بچوں کو سول ہسپتال شکردرہ منتقل کردیاگیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاشوں کو ورثاء کے حوالے کردیاگیا۔

دیر بالا میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی مختلف واقعات کے نتیجے میں تین افراد جان بحق کئی علاقوں کے رابطہ سڑکیں سیلاب میں بہہ گئے۔

کمراٹ جانے والے سیاحوں کے گاڑی پاتراک کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئی۔اور موٹرکار گاڑی دریاء پنجکوڑہ میں جاگری جسکے نتیجے میں دو افرادجاں بحق ہوگئے جن کی شناخت سلمان ولد شاہد ساکن نوتھیہ پشاور اور زاہد ولد بخت منیر ساکن شیخ ملتون مردان کی نام سے ہوئی ہے۔

دونوں نوجوانوں کی نعشیں اور گاڑی ریسکیو1122کے اہلکاروں او ر اہل علاقہ نے نکال لیں جبکہ ایک اور شخص کی نعش بھی دریائے پنجکوڑہ سے برآمد ہوئی ہے۔جسکی شناخت تا حال نہیں ہوئی ہے۔

اسطرح طوفانی بارش کے بعد دیر شہر کی ندی نالیاں ابل پڑیں۔بارش سے گوالدئی،ڈوگ درہ سمیت کئی علاقوں کے رابطہ سڑکیں بہہ گئے ہیں۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کوہاٹ کے علاقہ شکردرہ میں برساتی نالے میں بہہ کر دو بچوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔وزیر اعلی نے اپر دیر کے علاقہ پاتراک میں سیاحوں گاڑی دریا میں گرنے سے دو سیاحوں کے جاں بحق ہونے پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ وزیر اعلی نے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔