اسلام آباد:حکومت پاکستان نے ملک دشمن قوتوں کی ہیکنگ سے بچنے کیلئے خصوصی ایپلی کیشن کی تیاری پر کام شروع کردیا۔
ایپلی کیشن کا استعمال وزیراعظم، وزراء اورحساس عہدوں پر موجود نمائندے کریں گے، ایپلی کیشن کا استعمال عوامی سطح پر نہیں ہوگا، ایپلی کیشن چند ماہ میں تیار ہوجائے گی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان نے ہیکنگ سے بچنے کیلئے خصوصی ایپلی کیشن کی تیاری پر کام جاری ہے، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے خصوصی ایپلی کیشن کی تیاری کیلئے 60 فیصد کام مکمل کر لیا ہے۔
وزیراعظم اور کابینہ ارکان سمیت حساس عہدوں پر موجود افراد ایپلی کیشن استعمال کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت ملک دشمن قوتوں کی جانب سے ہیکنگ کی کوششوں سے آگاہ ہے۔
چند ماہ میں ایپلی کیشن کی تیاری کا کام مکمل کرکے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کر دیں گے۔ نئی ایپلی کیشن واٹس ایپ طرز کی ہی ہوگی لیکن غیرملکی انٹرفیس استعمال نہیں ہوگا، ایپلی کیشن کا استعمال عوامی سطح پرنہیں ہوگا۔
واضح رہے اسرائیل کی نجی ہیکنگ کمپنی کی جانب سے دنیا کے مختلف ممالک کے صحافیوں، انسانی حقوق کی رہنماؤں، سیاست دانوں اور یہاں تک وزرائے اعظم اور صدور کے موبائل فون ہیک کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ سمیت دیگر 17 صحافتی اداروں کی مشترکہ تحقیق سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اسرائیلی ہیکنگ فرم نے دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے موبائل فون ہیک کیے۔