خیبرپختونخوا میں بجلی انفراسٹرکچر کی بہتری کے منصوبے مکمل کرنیکی ہدایت 

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت پیر کے روز صوبے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج سے متعلق ایک اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقد ہوا جس میں صوبے کے بعض علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج کے مسائل کوحل کرنے سے متعلق اْمور پر تفصیلی غور وخوض کیا گیا۔

 چیف پیسکو انجینئر محمد جبار خان کے علاو ہ دیگر متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

 اجلاس کو صوبہ بھر میں بجلی کے انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں تین نئے گرڈ سٹیشنزمکمل کئے گئے ہیں جن کو فعال کرنا ابھی باقی ہے اور انشاء اللہ بہت جلد ان کو مکمل طور پر فعال کیا جائے گا جبکہ پیسکو کے صوبائی حکومت سے متعلق تمام معاملات بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

 اْنہوں نے مزید کہاکہ پیسکو کے وفاقی حکومت سے متعلق معاملات کو وہ جلد وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اْٹھائیں گے۔

وزیراعظم نے پہلے ہی صوبے میں بجلی کے انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے فنڈز دینے کا وعدہ کیا ہے تاکہ صوبے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج کے مسائل مستقل بنیادوں پرحل ہوں۔

 وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں بجلی کے انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہرلحاظ سے یقینی بنایا جائے تاکہ صوبے کے عوام ان منصوبوں سے بلا تاخیر مستفید ہوں۔

 اْنہوں نے پیسکو حکام پر واضح کیا کہ ان منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور پیسکو دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات اْٹھائے۔