پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خا ن نے ہفتہ کے روز جنوبی ایشیاء کے لئے عالمی بینک کے وائس پریذیڈنٹ ہارٹ وگ شیفر اور ان کی ٹیم کے ساتھ بذریعہ ویڈیو لنک ایک اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے میں عالمی بینک کی معاونت سے مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قائم مقام چیف سیکرٹری ظفر علی شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی عامر ترین، عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نجے بن حسین اور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔
اس موقع پر صوبے میں روڈ انفراسٹرکچر، دیہی ترقی، زراعت، سیاحت، پن بجلی اور دیگر سماجی شعبوں میں اہم نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کے لئے تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے اگلے دو سالوں کے اندر صوبے میں عوامی مفاد کے اہم ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد اور ان کی تکمیل کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیا ہے، جس پر عملدرآمد سے صوبے کے عوام کی زندگیوں میں واضح تبدیلی آئے گی۔
چشمہ رائٹ بینک لفٹ کینال کو صوبے کی فوڈ سیکیورٹی کے لئے ناگزیر منصوبہ قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت ہر قیمت پر اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانا چاہتی ہے اور اس مقصد کے لئے انٹر نیشنل ڈونرز کے ساتھ اشتراک سمیت دیگر تمام دستیاب آپشنز پر غور کیا جارہا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنوبی ایشیا کے لئے عالمی بینک کے وائس پریذیڈنٹ ہارٹ وگ شیفر نے بڑ ے پیمانے پر اصلاحات کے نفاذ کے سلسلے میں خیبرپختونخوا کو ملک کا پہلا صوبہ قرار دیتے ہوئے اس سلسلے میں وزیراعلیٰ محمود خان اور ان کی پوری ٹیم کو سراہا انہوں نے یقین دلایا کہ عالمی بینک صوبے میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کا سلسلہ مزید بہتر انداز میں جاری رکھے گا۔