وزیراعلیٰ ہاؤس میں جشن آزادی کی تقریب،پرچم کشائی 

پشاور:14 اگست (یوم آزادی) کے سلسلے میں ایک تقریب وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقد ہوئی۔

 وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ وزیراعلیٰ نے قومی پرچم لہرا کر تقریب کا آغاز کیا، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گرین پاکستان ڈے کی مناسبت سے پودا بھی لگایا۔

 صوبائی وزیر انورزیب اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کامران بنگش کے علاوہ قائم مقام چیف سیکرٹری ظفرعلی شاہ، انسپکٹر جنرل پولیس معظم جاہ انصاری، کمشنر پشاور ریاض محسود، سی سی پی او عباس احسن اور دیگر سرکاری حکام بھی تقریب میں شریک تھے۔

اس موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ 14 اگست تجدید عہد کا دن ہے۔ آج ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہیئے کہ ہم پاکستان کو بانیان پاکستان کے وژن کے مطابق ایک عظیم ریاست بنانے کیلئے اپنا اجتماعی اور انفرادی کردار احسن انداز میں ادا کریں گے، ملکی اور قومی مفادات کو سیاسی اور ذاتی مفادات پر ترجیح دیں گے۔

 اُنہوں نے کہاکہ بلاشبہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے، آج ہم جس آزاد فضاء میں سانس لے رہے ہیں یہ ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں اور طویل جدوجہد کی مرہون منت ہے، آج کا دن اپنے اسلاف کی ان عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔

 وزیراعلیٰ نے کہاکہ یوم آزادی کے موقع پر ہمیں اس ملک کی سرحدوں کا دفاع کرنے اور یہاں پر امن و امان کی بقاء برقرار رکھنے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو بھی فراموش نہیں کرنا چاہیئے۔

 اُنہوں نے مزید کہاکہ جشن آزادی کے موقع پر ہم مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ بھی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے اُن کی جدوجہد کی مکمل سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ 

محمود خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے وژن کے مطابق صحیح معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہے۔