پشاور:خیبر پختونخواہ کے حساس اضلاع میں 9ویں اور 10ویں محرم کوموبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پولیس کی تمام چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت امن و امان پراجلاس ہوا، جس میں چیف سیکریٹری،آئی جی، کمشنرز،آر پی اوز کے علاوہ سول،عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں افغانستان کی صورتحال کے تناظر میں امن و امان،محرم کی سیکیورٹی سمیت امن و امان پرگزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور بریفنگ میں بتایا گیا کہ محرم الحرام کے دوران پولیس کی تمام چھٹیاں منسوخ کی گئیں ہیں اور حساس اضلاع میں 9ویں اور 10ویں محرم کوموبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں ممکنہ سکیورٹی خدشات سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ محرم کے حوالے سے صوبے کے 7اضلاع کو حساس قرار دیا گیا اور سکیورٹی کے لئے 33ہزار سے زائد پولیس تعینات کئے گئے ہیں جبکہ جلوسوں کی نگرانی کے لئے صوبائی، ڈویژنل،ضلعی سطح پر کنٹرولر رومز قائم کئے گئے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا صوبے میں محرم کے585جلوس،5500ہزار مجالس منعقدہوں گی، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پرعناصر کیخلاف موثر کارروائیاں جاری ہیں،اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے کہا محرم الحرام میں سکیورٹی کیساتھ ایس او پیزکابھی خاص خیال رکھا جائے۔
حساس علاقوں میں ہسپتالوں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کی جائیں اور محرم کی سکیورٹی پرآئے پولیس عملے کی رہائش کامناسب بندوبست کیاجائے۔
محمود خان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی صورتحال کا خیبر پختونخوا پر براہ راست اثر پڑتا ہے، موجودہ صورتحال سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کا تقاضا کرتی ہیں۔
پولیس سماج دشمن عناصر کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز رکھے،انھوں نے مزید کہا کہ پولیس اور ذیلی اداروں کو معمول سے زیادہ متحرک اور فعال ہونا ہوگا، پولیس،انٹیلی جنس اداروں میں قریبی روابط قائم کئے جائیں۔