پشاور: چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز کی ہدایت پرپشاورمیں گھر گھرکورونا ویکسینیشن مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن(ر)خالد محمود کے ہمراہ ورسک روڈ پر سمارٹ لاک ڈاؤن کے علاقے کا دورہ کیا اورگھر گھر جا کر محکمہ صحت کی ٹیموں کے ہمراہ شہریوں کو کورونا ویکسین لگوائی۔
کمشنر پشاور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر پشاور نے درمنگی گارڈن کے علاقے میں گھر گھر جاکر شہریوں کو قائل کر کے ویکسینیشن کروائی۔ صوبائی دارلحکومت میں ہفتہ کے روز انتظامی افسران نے محکمہ مال اور محکمہ صحت کی ٹیموں کے ہمراہ پشاور بھر گھر گھر جا کر کورونا ویکسینیشن کروائی۔
کمشنرپشاور ڈویژن اورڈپٹی کمشنر پشاورنے عوام سے اپیل کی کہ خود کو اور اپنے فیملی ممبران کو کورونا ویکسین لگوائیں تا کہ کورونا وائرس کے پھیلا ؤکو روکا جا سکے۔
کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود، سیکریٹری ٹرانسپورٹ منظور احمد، ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر)خالد محمود اور سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی طارق حسن نے پشاور کے مختلف علاقوں میں بی آر ٹی سٹیشنوں اور بسوں کا معائنہ کرتے ہوئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور سیفٹی ماسک استعمال نہ کرنے پر 143 شہریوں کو موقع پر جرمانہ کر دیا۔ جی ٹی روڈ پر ٹرانسپورٹ اڈوں کا معائنہ کرکے56 افراد کوبھی جرمانہ کر دیا۔
انتظامی افسران نے پشاور بھر میں 18 ٹرانسپورٹ اڈوں کا معائنہ کیا جس میں سے 3 ٹرانسپورٹ اڈوں کو کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سیل کر دیاگیا۔جن میں زمان ٹریول،دلاور رینٹ اے کار اور چترال کار سروس شامل ہیں۔
انتظامی افسران نے یونیورسٹی روڈ پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر زلبری سٹور، منی مائنرز سٹور، سٹارلٹ سٹور اور میٹرو سٹور کو سیل کر دیا۔ کارخانو میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ستارہ مارکیٹ میں 250 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ پشاور بھر میں انتظامی افسران نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 29 دکانوں کو سیل کر دیا۔