کوہاٹ کےمشہور زمانہ عاصمہ رانی قتل کیس میں مقتولہ کےوالد نے صلح کرتے ہوئےقاتل کو معاف جبکہ اس فیصلے کیخلاف مروت قومی جرگہ نے ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کیاہے ۔
جرگہ مشران نےالزام لگایا کہ مقتولہ عاصمہ رانی کے قاتلوں کے دبائو میں آکر اور پیسے لےکرمروت قوم کی عزت کو دائو پر لگایا ہے ۔
ادھر عاصمہ رانی کے والد غلام دستگیر نے عاصمہ رانی کے قاتلوں کو معاف کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کسی کا دبائو نہیں، فیصلہ اللہ کی رضا کیلئے کیا ہے ،آئندہ اتوار کو کوہاٹ تبلیغی مرکز میں ننواتے ہوگی۔
دوسری طرف مروت قومی جرگہ نے اعلان کیا ہے کہ کوئی بھی لکی مروت کا باشندہ کوہاٹ گیاتواس کا سوشل بائیکاٹ کیا جائے گا۔
واضح رہے مجرم قرار دئیے گئے مجاہد آفریدی کےخاندان والوں نے کچھ عرصہ قبل عاصمہ رانی کی قبرپر دنبے بھی ذبح کئے تھے۔ مجاہد آفریدی کو عدالت نے پھانسی کی سزا سنائی ہوئی ہے۔
مروت قومی جرگہ کی طرف سے عاصمہ رانی کے خاندان پر لکی مروت میں داخلے پرپابندی کا امکان بھی ظاہرکیاجارہاہے۔
واضح رہے کہ مقتولہ عاصمہ رانی میڈیکل کے تیسرے سال کی طالب علم تھی جسے کوہاٹ میں جنوری 2018 میں شادی کی تجویزٹھکرا دینے پرمجاہد آفریدی نامی نوجوان نے گولی مارکرہلاک کردیا تھا۔
پولیس کے مطابق عاصمہ پر فائرنگ کے فورابعد مجاہد متحدہ عرب امارات فرار ہو گیا تھا اور پاکستانی حکومت کی درخواست پر انٹرپول کےریڈ نوٹس جاری کرنے کے بعد اسے گرفتارکر کے مارچ 2018 میں پاکستان واپس لایا گیا۔