الیکشن کمیشن کی خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق تجویز 

پشاور: الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات دو سے تین مرحلوں میں کرانے کی تجویز دیدی ہے جبکہ انتخابات دو مرحلے کی تجویز کے تحت میدانی علاقوں میں دسمبر اور مارچ تک پہاڑی علاقوں میں انتخابات کرانے پر غور کیا جارہا ہے۔

 خیبر پختونخوا میں بلدیاتی اداروں کے خاتمے کے بعد بلدیاتی انتخابات کرانے کی آئینی مدت ختم ہونے کے بعد بھی بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ نہ ہوسکا۔

 الیکشن کمیشن نے 31 اگست تک خیبر پختونخوا حکومت کو بلدیاتی انتخابات کرانے کی تاریخ مانگی ہے جبکہ صوبائی حکومت نے معاملہ کابینہ سے مشاورت کا وقت مانگا ہے۔

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کو ایک یا دو مرحلوں کی بجائے تین مرحلوں میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔

 الیکشن کمیشن کا موقف ہے کہ بیک وقت پورے صوبے میں انتخابات کرانے کے لیے اتنے وسائل نہیں اور نہ ہی پولنگ عملے کی ضرورت پوری کی جاسکتی ہے، اس لیے انتخابات دو یا تین مرحلوں میں کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت اگلے سال بلدیاتی انتخابات کرانے کی خواہشمند ہے جبکہ الیکشن کمیشن کا موقف ہے کہ آئینی مدت گزرنے کے بعد بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر نہ کی جائے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومت کے درمیان بلدیاتی انتخابات دسمبر میں کرائے جانے پر اتفاق ہونے کا امکان ہے۔

 حکومتی ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں میدانی علاقوں اور دوسرے مرحلے میں پہاڑی علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کرائے جانے کی تجویز زیر غور ہیں تاہم حتمی فیصلہ خیبر پختونخوا کابینہ کے فیصلے کے بعد کیا جائے گا۔