خیبرپختونخوا میں مزید 2نئی ہاؤسنگ سکیموں کے اجراء کا فیصلہ

پشاور:خیبرپختونخوا حکومت نے آئندہ دو ماہ کے دوران دونئی ہاؤسنگ سکیموں کے اجراء کا فیصلہ کیاہے،جن میں ٹکڑا تھری رنگ روڈ پشاور اور ہائی رائز فلیٹس مردان شامل ہیں۔

 وزیر اعلیٰ محمود خان نے مذکورہ ہاؤسنگ سکیموں کا مجوزہ پلان کے مطابق اجراء یقینی بنانے کیلئے تمام لوازمات مکمل کرنے جبکہ دیگر جاری منصوبوں کوبھی ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت بے گھر اور کم آمدنی والے لوگوں کو گھروں کی فراہمی کے وعدے کی تکمیل کی طرف کامیابی کے ساتھ گامزن ہے۔

 وہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں محکمہ ہاؤسنگ کے ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

 صوبائی وزراء ڈاکٹر امجد علی اورمحب اللہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری ہاؤسنگ، ڈائریکٹر جنرل پراونشل ہاؤسنگ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

 اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ 79 کنال رقبے پر مشتمل ٹکڑا تھری رنگ روڈ پشاور منصوبے کی تفصیلی پلاننگ اور ڈیزائننگ پر کام شروع ہے۔

 یہ منصوبہ مختلف سائز کے 1080 فلیٹس پر مشتمل ہے جس کا آئندہ ماہ (ستمبر) میں اجراء کر دیا جائے گا۔ اسی طرح8354 کنال رقبے پر محیط ہنگو ٹاؤن شپ میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح بھی آئندہ ماہ کیا جائے گا۔ 

منصوبے کے تحت مختلف سائز کے 10256 پلاٹس کامیاب درخواست گزاروں کو الاٹ کئے گئے ہیں۔ 2.17 کنال پر مشتمل ہائی رائزفلیٹس مردان بھی اکتوبر میں اجراء کیلئے تیار ہو گا۔ یہ منصوبہ چھ فلورز پر مشتمل ہے جس میں ایک سیمی بیسمنٹ پارکنگ، دو کمرشل فلور اور تین اپارٹمنٹ فلو ر شامل ہیں۔

 اجلاس کوبتایا گیا کہ جلوزئی ہاؤسنگ سکیم فیز III کے تحت مختلف سائز کے 2510 پلاٹس کی کمپیوٹرائز ڈ قرعہ اندازی کی گئی ہے۔ یہ منصوبہ مجموعی طور پر 9477 پلاٹس پر مشتمل ہے۔

 اسی طرح 150 کنال رقبے پر مشتمل جلوزئی فلیٹس کے منصوبے پر پیشرفت جاری ہے۔ یہ منصوبہ 1320 فلیٹس پر مشتمل ہے جس کیلئے اب تک 750 کے قریب درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ 144 فلیٹس پر مشتمل ورسک۔ پشاور اور 112 فلیٹس پر مشتمل ورسک۔II پشاور کے منصوبے بھی اجراء کیلئے تقریباًتیار ہیں۔

35.8 کنال رقبے پر مشتمل ہائی رائز بلڈنگ نشتر آباد پشاور کے ڈیزائن اور پلاننگ کیلئے کنسلٹنٹ ہائر کرلیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ تقریباً650 یونٹس پر مشتمل ہو گا۔ اسی طرح ڈھیری زرداد چار سدہ کے منصوبے پر بھی پیشرفت جاری ہے جو مختلف سائز کے 458 پلاٹس پر مشتمل ہے۔ منصوبے کے تحت 3.5 مرلہ کے 53 پلاٹس الاٹمنٹ کیلئے تیار ہیں۔ ڈانگرام ہاؤسنگ سکیم سوات کا ماسٹر پلان تیار ہے جبکہ تفصیلی ڈیزائن اورپلاننگ پر کام شروع ہے۔

 منصوبے کے تحت مختلف سائز کے 836 فلیٹس تعمیر کئے جائیں گے۔ اجلاس کوبتایا گیا کہ 8500 کنال رقبے پر مشتمل سوڑیزئی ہاؤسنگ سکیم پشاور کے سائٹ سروے پر کام شروع ہے۔ یہ منصوبہ تقریباً16000 گرے سٹرکچر ہاؤسز اور فلیٹس پر مشتمل ہو گا۔300 کنال رقبے پر مشتمل جرمہ ہاؤسنگ سکیم کوہاٹ پر بھی پیشرفت جاری ہے۔ منصوبے کے تحت مختلف سائز کے 463 پلاٹس الاٹ کئے جائیں گے۔ 

بے گھر افراد کو گھروں کی فراہمی کے منصوبے کی تکمیل کیلئے عوام کیلئے لینڈ شیئرنگ / ہاؤسنگ سوسائٹیز میں حصہ داری کی بنیاد پر بھی ایک منصوبہ زیر غور ہے جس کے تحت غیر زرعی زمین کے انفرادی یا مشترکہ مالک اپنی زمین پر محکمہ ہاؤسنگ کے تعاون سے ہاؤسنگ سوسائٹی کی تعمیر/ ملکیت میں حصہ دار بن سکتے ہیں۔ اس منصوبے کیلئے شرائط و ضوابط طے کر لی گئی ہیں۔ یہ منصوبہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو گھروں کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔