پشاور:خیبرپختونخوا میں چائنیزسمیت غیرملکیوں کی سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
انسپکٹرجنرل آف پولیس خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری نے سنٹرل پولیس آفس پشاورمیں ایک اعلیٰ سطح کی ویڈیولنک کانفرنس کی صدارت کی، جس میں صوبہ بھر کے ریجنل پولیس افسروں اور ضلعی پولیس افسروں نے اپنے اپنے ریجن میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، دہشت گردی اورسنگین مقدمات میں انتہائی مطلوب اشتہاریوں کے خلاف آپریشنز، منشیات فروشوں اور قبضہ مافیا کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
خیبرپختونخوا پولیس کے سربراہ معظم جاہ انصاری نے کانفرنس کے شرکا کو ہدایت کی کہ وہ بدلتی صورتحال میں دہشت گردی کے خلاف باقاعدہ منصوبہ بندی اور لائحہ عمل اپنا کر کارروائیاں عمل میں لائیں اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ قریبی رابطہ استوار کر کے انٹیلی جنس کی بنیاد پر نتیجہ خیز اقدامات اٹھائیں۔
کانفرنس کے شرکاکو سنگین وارداتوں میں ملوث اشتہاریوں کے خلاف گھیرا تنگ کر کے کارروائیاں کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ انہیں مطلوب اشتہاریوں کے ٹھکانوں پر مربوط حکمت عملی کے ساتھ چھاپے مارنے کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
آئی جی پی نے کانفرنس کے شرکاکو ہدایت کی کہ وہ دہشت گردوں اوراشتہاریوں کے خلاف کی گئی کاروائیوں پر مبنی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر سنٹرل پولیس آفس بھجوایا کریں۔اسی طرح کانفرنس کے شرکاکو صوبہ بھر میں مختلف پراجیکٹس پر غیر ملکیوں بالخصوص سی پیک پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کو فول پروف سکیورٹی ہر قیمت پر یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔
آئی جی پی نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے پر مامور غیر ملکیوں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائیگا اور انہیں سکیورٹی دینے کے لئے جدید آلات اور ڈرون کیمروں سے بھر پور استفادہ کیا جائے۔
آئی جی پی نے صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف قائم کی گئی نیٹ ٹیموں کو مزید موثر اور فعال بنانے اور صوبے کو منشیات کی لعنت سے ہر قیمت پر پاک کرنے کی بھی ہدایت کی۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے میں ٹیرارزم سے ٹورازم کا سفر انتہائی کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ جس کا واضح ثبوت عیدالاضحی کے موقع پر لاکھوں کی تعداد میں سیاحوں کی سیاحتی مقامات تک رسائی ہے اور بالخصوص ہزارہ اور مالاکنڈ کے اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ریجن میں سیاحت کے فراہم کے لئے پروایکٹو پولیسنگ کو اپنائیں۔ اس کے لئے اعلیٰ تعلیمی یافتہ اور اچھے اخلاق اور اوصاف کے حامل پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگوائیں۔
آئی جی پی نے اعلیٰ پولیس حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ خود بھی فیلڈ میں نکل کر امن وامان کے قیام کے لئے مصروف پولیس اہلکاروں کی نگرانی کریں اور جہاں ضرورت ہو پولیس کی ٹیموں کو خود فرنٹ سے لیڈ کرکے معیاری پولیسنگ کو آگے بڑھائیں۔
آئی جی نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اوردہشت گردوں اورسنگین وارداتوں میں ملوث عناصر کے خلاف موثر کاروائیوں کو ہر قیمت پر نتیجہ خیز بنایا جائے گا۔