پشاوربی آر ٹی کو دو سالوں میں 4 ارب روپے سے زائد کا نقصان

میڈیا رپورٹس کے مطابق بی آر ٹی کو دو سالوں میں مجموعی طور  پر 4 ارب 67 کروڑ اور 33 لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا جبکہ رواں مالی سال کے دوران بی آر ٹی کو 2 ارب 79 کروڑ  روپے کے خسارے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

 پچھلے مالی سال کے 10 ماہ میں بی آر ٹی کو ایک ارب 92 کروڑ  روپے کے اخراجات کا سامنا ہوا جب کہ رواں مالی سال کے دوران اخراجات کا تخمینہ 2 ارب 96 کروڑ  روپے لگایا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بی آر ٹی کو مسافروں سے ٹکٹوں کی مد میں صرف 3 کروڑ  99 لاکھ روپے وصول ہوئے اور اسے ٹکٹوں کی فروخت سے 12 کروڑ 16 لاکھ 43 ہزار  روپے کی آمدن متوقع ہے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد وزیر نے خسارے کی وجہ بسوں کے کم کرائے کو قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کرائے کم رکھے ہیں، کرائے بڑھانے سے عوام پر بوجھ پڑے گا۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہر میں پلازوں کی تعمیر سے خسارے میں کمی ہوگی۔