صوبائی دارالحکومت پشاور کی مرکزی غلہ مارکیٹ اشرف روڈ میں اسپیشل فائن آٹا کمیاب ہوگیا ہے جس کی وجہ سے آٹے کی قیمت میں پھر اضافہ ہو گیا ہے، 85 کلو آٹے کی بوری 400 روپے اضافے کے بعد 5800 روپے جب کہ 20 کلو کا تھیلا 1150 روپے سے بڑھ کر 1250 کا ہوگیا ہے۔
آٹا ڈیلرز نے مارکیٹ میں آٹے کی کمی کے پیش نظر قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب نانبائیوں نے بھی آٹے کی قیمت میں اضافے ؔکو مسترد کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے نرخ میں فوری طور پر کمی کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں 85 کلو بوری کا ریٹ 6000 سے 6100 تک پہنچ گیا تھا جس پر روٹی کی قیمت 10 روپے سے 15 روپے تک پہنچ گئی تھی بعد ازاں صوبائی حکومت کے نوٹس پر قیمت میں کمی آئی تھی اور کچھ ماہ سے آٹا کی 85 کلو آٹے کی بوری 5200 سے 5400 تک فروخت ہو رہی تھی۔